اسلام آباد (پی آئی ڈی) 5 اکتوبر 2024
آزادجموں و کشمیر کے وزیر اطلاعات پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا ہے کہ ہمارے مستقبل کی تشکیل میں اساتذہ کرام کے انمول کردار کو عزت دینے اور ان کی گراں قدر خدمات پہ ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ،استاد محض کتابوں کا رٹا لگوانے والے کا نام نہیں ہے۔ بلکہ وہ اخلاقی، فکری اور سماجی ترقی کے معمار ہیں۔ عالمی یوم۔اساتذہ پر اپنے خصوصی بیان میں پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا ک اساتذہ کی آواز میں ہی تعلیمی معیار اور اخلاقی تربیت کا راز چھپا ہوتا ہے،تعلیمی معیار اور اخلاقی تربیت میں اساتذہ کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے ۔حال ہی میں حکومت نے 2900 اساتذہ کی میرٹ پر تعیناتی کر کے ریاست میں فکری انقلاب کی بنیاد رکھ دی ہے ۔اساتذہ کرام کو تاریخی طور پر معاشرے کا سنگ بنیاد سمجھا جاتا ہے۔ ان کی گفتگو کا اثر کلاس روم سے باہر تک پھیلا ہوا ہے، استاد نہ صرف فکری صلاحیتوں کو بلکہ اخلاقی اقدار کو بھی ڈھالتا ہے۔ ایک استاد کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے، کہ طلباء تعلیمی لحاظ سے بھی بہتر ہوں اور طلباء تعلیم کے ساتھ ساتھ معاشرے کے لیے ایک مضبوط اخلاقی بنیاد بھی رکھیں۔ اعلیٰ معیار کی تعلیم، تربیت اور اخلاقی ترقی دونوں ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں اساتذہ کو رول ماڈل کے طور پر دیکھا جاتا تھا، جو دیانتداری، مہربانی اور نظم و ضبط جیسی اقدار کو برقرار رکھتے تھے۔ تاہم، آج، تعلیمی معیارات کو پورا کرنے کا دباؤ اکثر اخلاقی اقدار کی تعلیم و تربیت کا خلاء چھوڑ رہا ہے۔ ایک جامع تعلیم وہ ہے، جس میں ایمان داری، ہمدردی، مثالی اخلاق رویہ اور ذمہ داری جیسی اقدار شامل ہوں، ایسی تعلیم ہی قوموں کی ترقی کا باعث بنتی ہے۔ آج ہمارے اسکول، کالجز، یونیورسٹیوں میں اخلاقی اقدار کی کمی نظر آ رہی ہے،بچوں سے لے کر اساتذہ کرام اور پروفیسرز سے چانسلرز تک ہر کوئی سوشل میڈیا کی رنگینیوں میں ڈوبتا جا رہا ہے۔ اساتذہ کرام کو چاہیے کہ وہ اپنے آپ کو مثالی کردار بنا کر پیش کریں اور اپنی ذمہ داریوں پر توجہ مرکوز کریں، تاکہ اچھے تعلیم یافتہ اور مثالی کردار کے نوجوان پیدا ہوں۔
