مظفرآباد: ( نمائندہ خصوصی ڈیلی کشمیر آن لائن)
صدر استحکام پاکستان پارٹی آزاد کشمیر و سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کی آزاد جموں وکشمیر کے 77 ویں یوم تاسیس کے موقع پر دارلحکومت مظفرآباد میں منعقدہ مرکزی تقریب میں خصوصی شرکت
تقریب میں صدر آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری ، وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری انوار الحق ، کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل شاہد امتیاز ، سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر ، اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق احمد ، وزراء کرام ، ممبران اسمبلی ، اعلی سول و عسکری حکام سمیت شہریوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی ۔
مرکزی تقریب میں پولیس کے چاق و چوبند دستوں، خواتین پولیس فورس، ریسکیو 1122،ٹورازم پولیس، بوائز سکاؤٹ اور گرلز گائیڈ کے دستوں نے سلامی پیش کی جبکہ اس موقع پر مقررین نے افواج پاکستان اور تحریک آزادی کشمیر کے جملہ شہداء کی قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے آج کا دن اہلِ جموں وکشمیر کے لیے اور پاکستان کے لیے ایک مبارک اور مقدس دن ہے۔یہ خطہ یہاں کے عوام ، افواج پاکستان اور قبائلی کی قربانیوں کا نتیجہ ہے جو قدم قدم پر شہیدوں کے مقابر سے مُزیّن ہے اور ان کے لہو سے سیراب ہے اور یہاں ہر چوٹی اور ہر دریا پر غازیوں کی جرأت اور شجاعت کی تاریخ رقم ہے۔
مقررین نے مزید کہا کہ ہماری ریاست کا ایک حصہ مقبوضہ کشمیر آج بھی مظلوم و محکوم و مجبور و محصور ہے۔ جدوجہدِ آزادی کشمیر میں لاکھوں کشمیری جامِ شہادت نوش کر چکے ہیں۔ بھارت کی قابض افواج کی بربریت اور کالے قوانین کی وجہ سے سینکڑوں خواتین کی عصمتیں لٹیں ، لاکھوں بچے یتیم ہوئے ، نوجوان معذور ہوئے، ہزار ہا کشمیری غائب کر دیے گئے ہیں ،ہزاروں کشمیری گمنام قبروں میں گاڑھ دیے گئے ، زنداں خانے حریت پسندوں سے بھر دیے گئے ہیں۔ کشمیری راہنماؤں پر جھوٹے مقدمے قائم کیے جا رہے ہیں۔ آبادی کا تناسب تبدیل کیا جا رہا ہے۔ پاکستان ہر قدم پر تمام خطرات کے باوجود تحریکِ آزادی کشمیر کے لیے اپنی سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے ۔کشمیریوں کو حق خودارادیت دیے بغیر جنوبی ایشیا میں امن کا خواب شرمند ہ تعبیر نہیں ہو سکتا ۔ افواج پاکستان جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کی محافظ ہے۔ کشمیریوں کی منزل پاکستان ہے۔جب تک ایک بھی کشمیری زندہ ہے آزادی کی شمع روشن رہے گی۔
اس موقع پر تقریب کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی ، امن ، خوشحالی ، ترقی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
