
اسلام گڑھ (تحصیل رپورٹر) تارکینِ وطن کشمیریوں کے دل اپنے ہم وطن بھائیوں کیلیے دھڑکتے ہیں، وطن عزیز کے سیاسی اور معاشی حالات دیکھ کر ہماری مستقبل کی نسلیں دل برداشتہ ہیں، اقتدار کیلیے رسہ کشی اور لوٹ مار نے ملک کو ڈیفالٹ لائن تک پہنچا دیا ہے، تارکین وطن کمیونٹی وطن عزیز کی مشکلات کم کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے، حکمرانوں کو ملک کے امن اور ترقی کیلیے مثبت کردار نبھانا ہو گا ، سازگار ماحول پیدا ہو گا تو تارکین وطن میں اعتماد کی فضا قائم ہو گی، پاک و کشمیر اللہ کی نعمت ہیں، جس میں قدرتی معدنیات کے ذخائر کی بہتات ہے، پاک کشمیر کی ترقی میں بڑی رکاوٹ کرپشن اور عدم انصاف کی فراہمی ہے، تارکین وطن ملکی زرِمبادلہ کا بڑا ذریعہ ہیں ، مگر ملک واپس پہنچنے پر ان کو مقدمات میں پھنسایا جاتا ہے، ان کی جائیدادیں ہتھیا لی جاتی ہیں، تارکین وطن کو تحفظ فراہم کرنا حکومتوں کی زمہ داری ہے، ان خیالات کا اظہار معروف سماجی شخصیت برطانیہ ڈربی ڈاکٹر ہارون الرشید نے تحصیل پریس کلب اسلام گڑھ کے نمائندہ صحافتی وفد کے ساتھ خصوصی ملاقات میں کیا ، ڈاکٹر ہارون الرشید کا کہنا تھا کہ کسی بھی معاشرہ کی اصلاح میں صحافت کا کردار انتہائی اہم ہوتا ہے ، صحافتی برادری تارکین وطن کے مسائل اعلیٰ حکام تک پہنچائے اور ان کے ممکنہ حل میں اپنا صحافتی کردار ادا کرے، ڈاکٹر ہارون الرشید نے تحصیل پریس کلب اسلام گڑھ کے کہنہ مشق صحافیوں کی کارکردگی کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ وہ اپنے قلم کی طاقت کا درست استعمال کرتے ہوۓ تحصیل ہیڈ کوارٹر اسلام گڑھ کے دیرینہ مسائل کی نشاندھی کرتے ہوے ان کو حل کرانے کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں رکھیں گے ، صحافتی وفد میں سیکرٹری جنرل تحصیل پریس کلب اسلام گڑھ عبد الحمید کشمیری اور سیکرٹری نشر و اشاعت عقیل مغل کشمیری نمایاں تھے، جبکہ محمد عظیم مغل بھی نشست کی رونق بنے رہے، صحافتی وفد نے ڈاکٹر ہارون الرشید کو یقین دلایا کہ تحصیل پریس کلب اسلام گڑھ نے ہمیشہ تارکین وطن کی آواز بن کر ان کے جملہ مسائل حکام بالا تک پہنچائے ہیں اور مستقبل میں بھی وہ مسائل کو اجاگر کرتے رہیں گے ۔