دبئی// متحدہ عرب امارات ڈیلی کشمیر آن لائن کے نمائندے سے ٹیلیفونک گفتگو میں مرکزی صدر پیپلز یوتھ آرگنائزیشن چوہدری فاروق بانیاں، سیکرٹری جنرل سردار عابد بشارت، مرکزی نائب صدر ارشد محمود الحق، چیف آرگنائزر سردار طاہر انور اور دیگر عہدے داران نے مشترکہ بیان جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ سانحہ کارساز کو 17 سال بیت گئے مگر آج بھی ان 177 سے زائد جیالوں کی شہادت کا غم ہمارے دلوں میں زندہ ہے، کارساز حملہ ایک سوچی سمجھی سازش تھی جس میں آمریت اور دہشت گردوں نے مل کر شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور پارٹی کی مرکزی قیادت کو نشانہ بنایا مگر جو لوگ دہشت گردی اور تشدد کے ذریعے جمہوریت کی آواز کو دبانا چاہتے تھے وہ ناکام ہوئے۔ آج ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ جس جمہوریت کیلئے شہدائے کارساز نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہم اس جمہوریت کی حفاظت کی خاطر کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کریں گے اور دہشت گردی و انتہاپسندی کا ہر فورم پر مقابلہ کریں گے۔
