پاکستانی صوبے بلوچستان میں حکام کا کہنا ہے کہ ضلع مستونگ میں جمعے کی صبح ہونے والے ایک بم دھماکے میں سات افراد ہلاک اور سترہ زخمی ہو گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک اسکول کے پانچ بچے اور ایک پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔
قلات ڈویژن کے ایک سینیئر پولیس افسر نے اس حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا، ’’اب تک سات افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں اسکول کے پانچ طالب علم بھی شامل ہیں اور 17 دیگر افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔‘‘
حکام کے مطابق یہ بم دھماکہ مستونگ سول ہسپتال کے قریب صبح آٹھ بج کر 35 منٹ پر ہوا۔
خبر رساں ادارے اے پی نے ایک مقامی پولیس اہلکار فتح محمد کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ اسکول کے بچوں کو لے جانے والا ایک آٹو رکشہ بم دھماکے کی زد میں آ گیا، جس کی وجہ پانچ طالب علم، ایک پولیس افسر اور ایک راہ گیر ہلاک ہو گئے۔
جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق صوبائی حکومت کے ترجمان شاہد رند نے بتایا، ’’اس حملے کا بنیادی ہدف حفاظتی گشت کرنے والی پولیس کی ایک گاڑی تھی، تاہم اسکول کے بچوں کو لے جانے والا ایک رکشہ اس بم دھماکے کی زد میں آ گیا۔‘‘
