میرپور ( پی آئی ڈی)19 جنوری 2025 ڈپٹی کمشنر یاسر ریاض اور ایس ایس پی خاور علی شوکت نے ڈویژنل ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کیا،ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اورہسپتال میں علاج معالجہ اور مریضوں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا


میرپور ( پی آئی ڈی)19 جنوری 2025
ڈپٹی کمشنر یاسر ریاض اور ایس ایس پی خاور علی شوکت نے ڈویژنل ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کیا،ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اورہسپتال میں علاج معالجہ اور مریضوں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔میڈیکل سپرٹینڈنٹ ڈاکٹر عامرعزیز نے انہیں ہسپتال میں علاج معالجہ کی سہولیات کے حوالے سے بریفننگ دیتے ہوئے بتا یاکہ ڈویژنل ٹیچنگ ہسپتال آزاد کشمیر کا سب سے بڑا ہسپتال ہے جہاں لوگوں کو علاج معالجہ کی جدید سہولیات سمیت میڈیکل کے سات شعبوں میں مختلف سپیشلائزیشن کی ٹریننگ بھی کروائی جارہی ہے۔ایمرجنسی میں مریضوں کے لوڈ کو کم کرنے کے لیے دن 2بجے سے رات 8بجے تک الگ او پی ڈیز کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جہاں مریضوں کا بہتر علاج معالجہ کیا جارہا ہے۔ایمرجنسی میں مریضوں کے لواحقین کے بیٹھنے کے لیے الگ جگہ جبکہ مریضوں کی سہولت کے لیے ایمرجنسی میں ایکسرے،ای سی جی اور دیگر ٹیسٹوں کی سہولیات بھی مہیا کردی گئی ہیں۔حکومتی وسائل اور مخیر حضرات کے تعاون سے ہسپتال انتظامیہ مختلف شعبوں میں بہتری لا رہی ہے ہماری کوشش ہے کہ میرپور ہسپتال علاج معالجہ کے حوالے سے بہتر سے بہتر ہوسکے۔اس موقع پر ڈی ایم ایس ڈاکٹر ماریہ ذوالفقار،شعبہ پتھالوجی انچارج پروفیسر ڈاکٹر زاہد ہ قاسم اور دیگر ہسپتال کے انتظامی افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ڈپٹی کمشنر یاسر ریاض نے میڈیکل لیب،بلڈ بینک،شام کے اوقات کار کی او پی ڈی،مریضوں کی رجسٹریشن کے کمپیوٹرائز ریکار ڈ سسٹم اور ایمرجنسی یونٹ کا تفصیلی دورہ کیا۔دورہ کے دوران انھوں نے مریضوں اور ان کے ساتھ آئے ہوئے لواحقین سے ہسپتال کی طرف سے دی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔دوران دورہ کسی بھی مریض یا لواحقین کی طرف سے کسی قسم کی کوئی شکایت نہیں کی گئی۔ڈپٹی کمشنر یاسر ریاض اور ایس ایس پی خاور علی شوکت نے ہسپتال انتظامیہ کی طرف سے بہترانتظام و انصرام کو سراہتے ہوئے کہا کہ طب کے شعبہ کا براہ راست تعلق لوگوں کی زندگیوں اور صحت سے متعلق ہے اس سے وابستہ افراد نہ صرف دکھی انسانیت کی خدمت کرتے ہیں بلکہ نیکی کا اہم فریضہ ادا کرتے ہیں جس کا صلہ لوگ انھیں دعاؤں کی صورت میں دیتے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر یاسر ریاض نے کہاکہ ڈویژنل ٹیچنگ ہسپتال میرپور کو مثالی ہسپتال بنانے کے لئے ڈاکٹرز،پیرا میڈیکل، نرسنگ سٹاف سمیت دیگر سپورٹنگ سٹاف کو علاج معالجہ کے ساتھ ساتھ انسانی ہمدردی اور مریضوں کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آنا چاہیے ان کے مثالی رویہ سے مریض کی آدھی تکلیف ختم ہوجاتی ہے۔انھوں نے ڈاکٹرز اور دیگر سٹاف سے کہا کہ وہ جہا ں کئی کمی کوتاہی دیکھیں اس میں مزید بہتری لائیں اور لوگوں کی جائز شکایات کا فوری ازالہ کریں۔ڈپٹی کمشنر یاسر ریاض نے ہسپتال کی لیب اور بلڈ بینک میں جملہ احسن انتظامات کو سراہا۔
ایس ایس پی خاور علی شوکت نے اس موقع پر کہا کہ بلڈ بینک کی ضروریات پوری کرنے کے لیے پولیس کے جوان بھی اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے اس حوالے سے ہسپتال انتظامیہ روزانہ کی بنیاد پر خون کے عطیات کے حوالے سے مختلف کیمپ لگائے تاکہ لوگوں میں خون کے عطیات دینے سمیت دیگر لوگوں کو انسانی زندگیاں بچانے کے حوالے سے خون دینے کے شعور کو بیدار کیا جاسکے۔انھوں نے ہسپتال انتظامیہ کو یقین دہانی کروائی کہ ایمرجنسی کے باہر پولیس خدمت سینٹر قائم کریں گے جہاں مختلف اقسام کے مریضوں کی تھانے کے حوالے سے کارروائی کے لیے اس سینٹر میں سہولیات میسر کی جائیں گی۔انھوں نے ہسپتال سیکورٹی کے حوالے سے کہا کہ ایمرجنسی اور دیگر شعبوں میں آنے جانے والوں کی پڑتال کی جائے غیر ضروری افراد کا ہسپتال میں آنا جانا بند کیا جائے۔مریض کے ساتھ ہسپتال ایس او پیز کے مطابق اٹینڈنٹ کو ہی اجازت دی جائے۔


 

جدید تر اس سے پرانی