اسپین، پرتگال اور جنوبی فرانس میں وسیع پیمانے پر بجلی کی فراہمی معطل
پیر کے روز اسپین، پرتگال اور جنوبی فرانس میں بجلی کی فراہمی میں وسیع پیمانے پر تعطل دیکھنے میں آیا، جس سے ان ممالک میں کئی ملین شہری متاثر ہوئے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ فوری طور پر بجلی کی فراہمی میں اس تعطل کی وجوہات کا تعین نہیں کیا جا سکا۔
اسپین میں ریلوے آپریٹر Adif کے مطابق بجلی کی فراہمی میں خلل کے باعث ملک بھر میں ٹرینوں کی آمد و رفت بھی رک گئی۔ اے ایف پی نے بتایا ہے کہ اس دوران موبائل فون سروسز بھی متاثر ہوئیں اور ٹریفک سگنل بند ہو جانے کی وجہ سے مسافروں کو حادثات کے خطرات کے پیش نظر گاڑیوں کی رفتار بھی کم رکھنا پڑی۔
پرتگال میں آر ای این نامی آپریٹر کمپنی نے بتایا کہ جزیرہ نما آئبیریا کے ممالک اسپین اور پرتگال کے علاوہ فرانس کے کچھ حصے بھی اس بلیک آؤٹ سے متاثر ہوئے، جو قبل از دوپہر دیکھنے میں آیا۔
