آزادکشمیر کا قدیم تعلیمی ادارہ گورنمنٹ کالج میرپور تحریر :ظفر مغل (سیکرٹری اطلاعات اولڈ سروشینئز یونین میرپور)
آزادکشمیر کے قدیم تعلیمی ادارےگورنمنٹ کالج میرپور کا قیام پاکستان بننے سے قبل مہاراجہ ریاست جموں کشمیر نے اپنے بیٹے سری کرن سنگھ کی پیدائش کے موقع پر پرانے میرپور میں پہلے کالج کے طور پر عمل میں لایا تھا جو ریاست بھر میں اُس وقت تیسرا کالج تھا جسے بعدازاں منگلا ڈیم کی تعمیر کے بعد نیو میرپور میں قائم کیا گیا اس لحاظ سے یہ آزاد خطہ میں پہلے قدیم کالج کے طور پر آج یونیورسٹی کا درجہ پانے کے قریب تر ہے اور اس کالج سے آزاد کشمیر کے دو سابق وزیراعظم چار سابق چیف جسٹس اور پاک فوج میں 3جرنیلوں سمیت آزادکشمیر کے کئی وزراء، ممبران اسمبلی ، بیرون ملک کئی سفیر اور اعلیٰ عہدوں پر بیور و کریسی کے متعدد اعلیٰ آفیسران اور ہر شعبہ زندگی میں نمایاں شخصیات بھی اسی قدیم تاریخی درسگاہ سے فارغ التحصیل ہیں اور گذشتہ 75سالوں (پون صدی ) سے لاکھوں طلبہ اس قدیم مادرعلمی کی بدولت زیورتعلیم سے آراستہ ہو کر اندرون وبیرون ملک اپنا اور اپنے ملک و قوم کا نام روشن کرتے ہوئے ہر شعبہ زندگی میں اپنی بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور اب اس قدیم تعلیمی ادارے کےقیام کے 75سال مکمل ہونے پر اس کالج کے میگزین"سروش"کا پلاٹینم جوبلی نمبر بھی چھپ کر مارکیٹ میں آگیا ہے جس کیلئے اس تاریخ ساز کالج کے معززاساتذہ کرام بھی مبارکباد کے مستحق ہیں۔
گورنمنٹ کالج میرپور کی تاریخی حیثیت کے پیش نظر آزادجموں وکشمیر سپریم کورٹ کے چیف جسٹس (ر) محمد اعظم خان نے اس قدیم تعلیمی درسگاہ کے سابق طلبہ کی تنظیم اولڈ سروشیئنزیونین میرپور کے قیام کے لیے سابق ہونہا ر طلبہ محمد اقبال رتیال سیکرٹری (ر) آزاد کشمیر ،سابق وزیر محترمہ ناہید طارق ،سابق جج چوہدری محمد اسحاق ،معروف فزیشن ڈاکٹر سی ایم حنیف معروف براڈکاسٹر چوہدری محمد شکیل اور راقم الحروف سمیت متعدد حاضر سروس وریٹائیرڈ پروفیسر صاحبان سے 4 سال قبل مشاورت کے بعد ایک اہم اجلاس منعقدکرتے ہوئے اولڈ سروشیئنزیونین میرپور کے قیام کی غرض سے سابق طلبہ سے رابطوں کے بعد گورنمنٹ کالج میرپورکے جسٹس محمد یونس سرکھوی(مرحوم ) ہال میں پہلی المنائی تقریب منعقدکرنے کا فیصلہ کیا ۔اوراس قدیم تعلیمی درسگاہ میں سابق طلبہ کی تنظیم کی پہلی شاندار سالانہ تقریب میں آزادکشمیر وپاکستان بھرسمیت بیرون ملک سے بھی چیدہ چیدہ نمایاں سابق طلبہ کی ایک بڑی تعداد نے جوش وخروش سے بھرپورشرکت کی ۔جس میں اولڈ سروشیئنزیونین گورنمنٹ کالج میرپور کی پہلی تنظیم کے قیام کےلئے تمام عہدیداران کا بلامقابلہ انتخاب عمل میں لایا گیا جس کے مطابق سرپرست اعلیٰ چیف جسٹس (ر) آزاد جموں وکشمیر سپریم کورٹ محمد اعظم خان ،صدر سیکرٹری (ر)محمد اقبال رتیال ،نائب صدر سابق جج چوہدری محمد اسحاق (کوٹلی ) ،جنرل سیکرٹری ڈاکٹر سی ایم حنیف، سیکرٹری مالیات اسٹیشن ڈایکٹرریڈیوپاکستان میرپور چوہدری محمد شکیل اور وزیراعظم آزادکشمیر کے سابق پریس سیکرٹری ظفر مغل ہیں ۔
آزادکشمیر کی قدیم تعلیمی درسگاہ گورنمنٹ کالج میرپور کی ترقی وبہتری کے لیئےاولڈبوائز ایسوسی ایشن گورنمنٹ کالج میرپور سروشیئنزیونین کی پہلے سال میں ہی کاوشیں رنگ لے آئیں اور اولڈسروشیئنز یونین کی تحریک پر حکومت آزادکشمیر نے سال 2018-19کے بجٹ میں ساڑے تین کروڑ روپے کی لاگت سے کثیرالمنزلہ تدریسی بلاک کی تعمیر کی سکیم منظور کر تے ہوئے ایک کروڑ روپے فراہم کردیئے تھے جبکہ اسی سال میں ہی گورنمنٹ کالج میرپورکے لیے 25لاکھ روپے کی جدید سہولیات سے آراستہ ڈیجیٹل E لائبریری کا قیام بھی عمل میں لانے اور اڑھائی لاکھ روپے کی کتب بھی لائبریری کے لیئے فراہمی کے ساتھ ساتھ جسٹس یونس سرکھوی ہال کے لیئے فوری جنریٹر کی فراہمی کا فیصلہ بھی کیا گیا ۔ اور اس طرح یونین کی کاوشوں سے کالج طلبہ کوآزادحکومت کے تعاون سے درس وتدریس کی بہترسہولیات کی فراہمی کیلئے 4کروڑ روپے کی لاگت سے 400طلبہ کیلئے نئے اکیڈمک بلاک کی تعمیرمکمل کرلی گئی ہے جبکہ آزادکشمیرکی سطح پراس کالج میں اسٹیٹ آف دی آرٹ جدید ڈیجیٹل لائبریری بھی 40لاکھ روپے کی اخراجات سے مکمل کی گئی ہے جس میں بیک وقت 50 طلبہ دنیابھرکی لاکھوں کتب تک رسائی حاصل کرکے اپنی تعلیمی صلاحیت کوبڑھا سکتے ہیں اسی طرح اپنی مددآپ کے تحت یونین نے 5لاکھ روپے مالیت کی کتب بھی کالج لائبریری کوفراہم کی ہیں جبکہ گزشتہ 2سالوں کے دوران 261طلبہ کومیرٹ کے مطابق 17لاکھ روپے کے وظائف بھی فراہم کرکے ریکارڈقائم کیاگیاہے تاکہ آزادکشمیرکی اس قدیم تعلیمی درسگاہ گورنمنٹ کالج میرپورکوجدیددورکے تقاضوں کے مطابق گورنمنٹ کالج لاہورکی طرز پرایک مثالی تعلیمی ادارہ بنانے میں پیشرفت ہوسکے اوراس کالج سے فارغ التحصیل طلبہ وطالبات عملی زندگی میں ملک وقوم کی خدمت میں بہترطور پراپناکلیدی کرداراداکرسکی۔
اولڈ سروشینئز یونین میرپور کے آئین کے مطابق سالانہ المنائی تقریب کوروناکی عالمی وباءاور لاک ڈاﺅن کے باعث گذشتہ سال منعقدنہ ہوسکی اور سروشینئزیونین میرپور کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس میں موجودہ باڈی کو ہی ایک سال کی توسیع دیتے ہوئے مارچ سے میں المنائی تقریب منعقد کرنے کا فیصلہ کیاگیا حو اب رمضان المبارک کیوجہ سے موخر کرتے ہوئے4مئی کو منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔گذشتہ سال سالانہ اجلاس میں شرکت کیلئے آنیوالے سابق طلبہ کوصدریونین محمداقبال رتیال، جنرل سیکرٹری ڈاکٹرسی ایم حنیف،سیکرٹری مالیات چودھری شکیل، سیکرٹری اطلاعات ظفرمغل ،ممبران ایگزیکٹو منورشاہ، سیدقیصرشیرازکاظمی، میرخالدفاروق، فرخ ڈار اوردیگرنے طلبہ کوہار پہنا کر انہیں خوش آمدیدکہتے ہوئے رجسٹریشن کے مراحل سے گزارا۔گورنمنٹ کالج میرپورکے وسیع لان میں منعقدہ رنگارنگ سالانہ اجلاس میں 1960-70تک کے نمایاں طلبہ میں یادگاری شیلڈزبھی تقسیم کی گئیں جبکہ ڈاکٹرخواجہ حمیدکی طرف سے منگلاڈیم کے پانی کی نذر ہونیوالے گورنمنٹ کالج میرپوراورنئے میرپورکے گورنمنٹ کالج میرپورتک کے سفراورمیرپورکی تاریخ وثقافت سے متعلقہ ایک ڈاکومنٹری فلم بھی چیف جسٹس محمدیونس سرکھوی (مرحوم) ہال میں شرکاءتقریب کودکھائی گئی،جس سے سابق طلبہ اورحاضرین کی بڑی تعدادمحظوظ ہوئی،حاضرین نے پرانی یادیں تازہ کرنے اورکامیاب سالانہ اجلاس منعقدکرنے پراولڈ سروشیئنز یونین کے ذمہ داران کاشکریہ اداکیا۔آزاد کشمیر کی قدیم تعلیمی درسگاہ گورنمنٹ کالج میرپور کے نئے اکیڈمک بلاک کی تعمیر کے لئے اولڈ سٹوڈنٹس یونین سروشیئنز کی کاوشوں سے پہلے مرحلے میں حکومت آزاد کشمیر کی طرف سے 5کروڑ 73لاکھ روپے کے منصوبے کی منظوری کے بعد 10 کلاس رومز پر مشتمل ایڈیشنل اکیڈمک بلاک کی تعمیر کا باقاعدہ سنگ بنیاد وزیراعظم (وقت)آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے اپنے دست مبارکباد سے رکھا۔
گذشتہ سال جنرل سیکرٹری سروشینئز ڈاکٹر سی ایم حنیف کے تعاون سے گورنمنٹ کالج میرپور کے لیئے 2لاکھ کی کتب فراہم کی جا چکی ہیں اور مزید سروشینئز کی جانب سے 50ہزار روپے کی کتابیں پرنسپل(وقت) پروفیسر نذر حسین چوہدری کے حوالے کی گئیں
گذشتہ دنوں آزاد کشمیر کی قدیم تعلیمی درسگاہ گورنمنٹ کالج کے سابق طلباءکی تنظیم اولڈ سروشینئز یونین میرپور کی سالانہ تقریب 4مئی بروز اتوار کو گورنمنٹ کالج میرپور میں چیف جسٹس محمد یونس سرکھوی (مرحوم) ہال میں منعقدکرنے کا فیصلہ اولڈ سروشینئز یونین میرپورکےصدر وسابق چیئرمین تعلیمی بورڈ میرپورچوہدری محمد ظہیرکی صدرات میں منعقدہ ایگزیکٹو کمیٹی کے ایک اجلاس میں کیا گیا ہے جس میں تنظیم کے سرپرست اعلیٰ چیف جسٹس(ر) آزادجموں کشمیر سپریم کورٹ محمد اعظم خان نے بطور خاص شرکت کی۔اجلاس میں کیئے گئے فیصلوں کے مطابق 4مئی کو اولڈ سروشینئز یونین میرپور سالانہ منعقد کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کئے گئے فیصلوں کیمطابق اولڈ سروشینئز یونین میرپورکی سالانہ تقریب 4مئی کو کامیابی سے انعقاد کیلئے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئیں ،اجلاس میں فیصلہ کے مطابق گورنمنٹ کالج میرپور میں زیر تعلیم مستحق طلباءکی تعلیمی فیسوں کی مد میں گزشتہ سالوں کے ساڑھے آٹھ لاکھ روپے سکالر شپ کمیٹی کے ذریعے اور گزشتہ سال بڑھاتے ہوئے 12 لاکھ روپےاور امسال یہ رقم بڑھاتے ہوئےکالج کے مستحق طلباء وطالبات کو 18 لاکھ روپےسے زائد کے سکالرشپ دیئے گئےہیں،یقینی طور پر اس قدیم تعلیمی ادارے گورنمنٹ کالج پوسٹ گریجویٹ کالج میرپور کی 4مئی کو سالانہ تقریب المنائی تاریخی اہمیت کی حامل ثابت ہوگی اور اس کےمستقبل میں گورنمنٹ کالج میرپور کی ترقی و بہتری میں مثبت اثرات مرتب ہونگے۔
٭٭٭٭٭٭٭٭
