بھمبر ()06فروری 2026
معزز عدالتِ عظمیٰ کےاحکامات کی روشنی میں فوڈ اتھارٹی بھمبر نے عوامی صحت کے تحفظ کے لیے فیصلہ کن کریک ڈاؤن کرتے ہوئے غیر قانونی دودھ کی ترسیل کے خلاف بڑی کارروائی عمل میں لائی۔ فوڈ سیفٹی آفیسر محمود علی خان کی سربراہی میں علی بیگ کے مقام پر ناکہ بندی کے دوران پنجاب سے دودھ لے کر آنے والی گاڑی کو روکا گیا، جس کی جانچ کے دوران گاڑی میں موجود ہزار لیٹر دودھ برآمد ہوا۔
قانونی تقاضوں اور عدالتی ہدایات کی خلاف ورزی ثابت ہونے پر دودھ کو موقع پر ہی ضبط کر کے تلف کر دیا گیا، جبکہ ملزمان کے خلاف تھانہ علی بیگ میں ایف آئی آر درج کروا دی گئی۔ یاد رہے کہ عدالتِ عظمیٰ اور فوڈ اتھارٹی آزاد کشمیر کے احکامات کے تحت بیرونِ آزاد کشمیر سے اندرونِ آزاد کشمیر دودھ کی ترسیل پر مکمل پابندی عائد ہے۔
کارروائی میں اسسٹنٹ فوڈ سیفٹی آفیسر محمد ارشد، ریحان امتیاز، مدثر الرحمان اور عبداللہ زبیر بھی شامل تھے۔ فوڈ اتھارٹی حکام کا کہنا ہے کہ عوامی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت کریک ڈاؤن آئندہ بھی بلا امتیاز جاری رہے گا، اور قانون شکنی کرنے والوں کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی۔
