مظفرآباد(پی آئی ڈی) 11 فروری 2026
سیکرٹری اطلاعات و آئی ٹی محمد راشد حنیف نے صحافی برادری کے تعارفی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ناظم تعلقات عامہ محمد بشیر مرزا، وائس چئیرمین پریس فاونڈیشن سردار ذوالفقار،سابق صدور پریس کلب سید آفاق حسین شاہ، واحد اقبال بٹ، سہیل مغل، بیوروچیف بول ٹی وی، محکمہ اطلاعات کے آفیسران، سینئر صحافیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ سیکرٹری اطلاعات و آئی ٹی محمد راشد حنیف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہے جس کا معاشرے کی ترقی میں کلیدی کردار ہے،محکمہ اطلاعات اور صحافی برادری آپس میں لازم و ملزوم ہیں محکمہ اطلاعات اور صحافیوں کا یہ مضبوط رشتہ ہمیشہ قائم رہنا چاہئے، حکومت کے اچھے کاموں سے عوام کو آگاہ رکھنا محکمہ اطلاعات کی ذمہ داری ہے صحافی برادری کے تعاون سے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں گے، تنقید برائے اصلاح کا خیر مقدم کرتےہیں تاہم تنقید برائے تنقید کی حوصلہ شکنی ہونی چاہئے۔ سیکرٹری اطلاعات و آئی ٹی محمد راشد حنیف نے کہا کہ محکمہ اطلاعات میں اچھی ٹیم ہے وقت کے ساتھ بڑھتی ضروریات کو پورا کرنے اور محکمہ کا استعداد کار کو بڑھانے کیلئے ضروری اقدامات اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل وڈیجیٹل میڈیا موجودہ دور کی حقیقت ہے اخبار مالکان، صحافیوں سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کو آنے بورڈ لے کر مسائل حل کریں گے۔ ترقیاتی اشتہارات کی مد میں بقایا جات کی ادائیگی کے لئے کام کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ موجودہ دور ٹیکنالوجی کا دور ہے جن قوموں نے ٹیکنالوجی کو جلد اپنایا انہوں نے ترقی کی۔ حکومت آزاد کشمیر آئندہ ہفتے اوورسیز کشمیری کنونشن کرانے جا رہی ہے جس میں اوورسیز کمیونٹی کے مسائل کو ایڈریس کیا جائے گا۔ وائس چئیرمین پریس فاونڈیشن سردار ذوالفقار، سابق صدور پریس کلب سید آفاق حسین شاہ، واحد بٹ، سہیل مغل نے سیکرٹری اطلاعات و آئی ٹی محمد راشد حنیف کی جانب سے صحافیوں کے اعزاز میں تعارفی نشست کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ اطلاعات اور صحافتی صنعت کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔ سیکرٹری اطلاعات انتہائی لائق اور ا چھی شہرت کے حامل ہیں امید ہے آفیسر موصوف محکمہ اطلاعات کی بہتری اور صحافیوں کی فلاح وبہبود کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔