او آئی سی کشمیر اور فلسطین کے تنازعات کا حتمی حل چاہتی ہے: سفیر اوپیلوئیرو


نیویارک: اقوام متحدہ میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے مستقل مندوب سفیر حمید اوپیلوئیرو نے او آئی سی کے اس دوٹوک موقف کا اعادہ کیا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق کشمیر اور فلسطین کے تنازعات کا حتمی اورپرامن حل تلاش کیا جانا چاہیے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حمید اوپیلوئیرو نے اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں سماجی ترقی کے 64ویں کمیشن کے موقع پر ایک تقریب کے دوران کہا کہ جنگ اور تنازعات سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے بڑے چیلنجز کا باعث ہیں، یہ عام شہری آبادی، نوجوانوں، معذورافراد اور خواتین سمیت دیگر طبقات کی جانوں کے ضیاع کا باعث بنتے ہیں اور شہری آبادی کی نقل مکانی کے ساتھ ساتھ سماجی انفراسٹرکچر کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ او آئی سی قیام امن کے لئے ایک مضبوط انفراسٹرکچررکھتا ہے۔ یہ فلسطین، یورپ کے مسلمانوں، روہنگیا، جموں و کشمیر اور افغانستان سے متعلق اس کے رابطہ گروپوں کے مینڈیٹ سے ظاہر ہوتا ہے۔سفیر اوپیلوئیرو نے او آئی سی کے قیام امن اور سماجی ترقی کی کوششوں پر زور دیا جس کا مقصد فلسطینی عوام کے ناقابل تنسیخ قومی حقوق کی بحالی، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کا حتمی حل، میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کے قومی حقوق کی بحالی اور او آئی سی کے دیگر رکن ممالک کے اہم مسائل کا حل ہے۔
سفیر عاصم افتخار احمدنے تقریب کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیرکے لوگ گزشتہ سات دہائیوں سے زائد عرصے غیر ملکی قبضے کو برداشت کررہے ہیں جس نے تعلیم سے لے کر ملازمت، نقل و حرکت اوراظہار رائے کی آزادی سمیت ان کی روزمرہ زندگی کے ہر پہلو کو متاثر کیا ہے۔ ترکی کے مستقل نمائندے اور اوآئی سی ۔ سی ایف ایم کے سربراہ سفیر احمد یلدیزنے کہا کہ ہم اقوام متحدہ کے چارٹر اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور دیرپا حل کی وکالت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں امن اور ترقی سے جنوبی ایشیا اور باقی دنیا میںخوشحالی اور پائیدار ترقی کے لئے راہ ہموارہوگی۔اقوام متحدہ میں آذربائیجان کے مستقل نمائندے سفیر توفیق ایف موسیوف نے کہا کہ آذربائیجان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کے حصول کے لیے ہمیشہ فلسطین اور کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ورلڈ فورم فار پیس اینڈ جسٹس کے چیئرمین ڈاکٹر غلام نبی فائی نے کہاکہ جموں و کشمیر میں پائیدار سماجی ترقی طویل قبضے، غیرملکی فوجیوں کی موجودگی اور عدم تحفظ کے حالات میں ناممکن ہے۔دیگر مقررین میں فلسطین کے ماہرتعلیم ،مصنف اورصحافی پروفیسرعبدالحمید سیام، نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی اورپاکستانی مشن میں کونسلر اورمعروف سفارتکار صائمہ سلیم شامل تھیں۔

 

جدید تر اس سے پرانی