واشنگٹن :انسدادِ دہشتگردی اور باہمی تجارت کے شعبوں میں پاکستان کے کردار کااعتراف عالمی سطح پر کیا جا رہا ہے۔
پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف موثر اقدامات اور قربانیوں کے ذریعے عالمی برادری میں ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر اپنی ساکھ مضبوط کی ہے۔امریکی معاون وزیر خارجہ پال کپور نے کانگریس کو بتایاہے کہ خطے میں انسدادِ دہشت گردی کے لیے پاکستان امریکا کا ایک اہم شراکت دار ہے۔دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی تعاون نہ صرف دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں مددگار ثابت ہو رہا ہے بلکہ داخلی اور سرحد پار سکیورٹی خطرات سے نمٹنے میں بھی معاون ہے۔پال کپور نے مزید کہاکہ پاکستان اور امریکا کے درمیان معدنی وسائل کے شعبے میں تعاون بڑھ رہا ہے، جبکہ توانائی اور زراعت کے شعبوں میں بھی دوطرفہ تجارت میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔اس سے قبل امریکی صدر ٹرمپ اور دیگر اعلیٰ امریکی حکام بھی دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے کردار کا اعتراف کر چکے ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکہ کے ساتھ سکیورٹی تعاون کے ساتھ ساتھ معاشی، تجارتی اور تکنیکی شعبوں میں بڑھتی ہوئی شراکت داری پاکستان کی اسٹریٹجک اہمیت کو مزید اجاگر کر رہی ہے۔ دہشتگردی کے خلاف عملی اقدامات اور علاقائی استحکام کے لیے کوششوں کے باعث پاکستان ایک حقیقی نیٹ ریجنل اسٹیبلائزر کے طور پر ابھر رہا ہے۔
