جبیل کرکٹ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام کرکٹ لیگ کے فائنل پر تقسیم انعامات کی رنگا رنگ تقریب
ہمارا مقصد مقامی سطح پر نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا ہے : معاذ منیر
جبیل ( راجہ نوید الرحمن ) جبیل کرکٹ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام کرکٹ لیگ کا بڑا فائنل نہایت جوش و خروش کے ساتھ اختتام پذیر ہوا، جس میں نقی کرکٹ کلب نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ فائنل میچ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کو شائقینِ کرکٹ نے خوب سراہا اس میچ کے مہمانِ خصوصی پاکستان سے آئے سابق قومی کرکٹر محمد یوسف، سابق کپتان پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم ثنا میر، سعودی انٹرنیشنل کرکٹ کے چیئرمین محمد اقبال، ینبع کرکٹ فیڈریشن کے نمائندگان اور سعودی نیشنل ٹیم کے منیجر مظہر خان تھے ٹورنامنٹ کا انعقاد JCA کی جانب سے کیا گیا تھا جس کے چیئرمین معاذ منیر تھے مختصر عرصے میں کرکٹ کے فروغ کے لیے ان کی خدمات کو شرکاء اور کھلاڑیوں نے بے حد سراہا۔ دیگر مہمانوں میں چوہدری ادریس طور، ریاض عارف، راجہ طالب کیانی، پروفیسر اسرار احمد اور دیگر متعدد احباب نے شرکت کی۔
میچ کے اختتام پر جیتنے والی ٹیم میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کیے گئے، جبکہ کھلاڑیوں اور منتظمین کی کوششوں کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق قومی کرکٹر محمد یوسف کا کہناتھا کہ کرکٹ نہ صرف ایک کھیل ہے بلکہ نوجوانوں کو نظم و ضبط اور ٹیم ورک سکھانے کا بہترین ذریعہ ہے۔ انہوں نے منتظمین کو شاندار ٹورنامنٹ کے انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایسے ایونٹس بیرونِ ملک کرکٹ کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں (سابق کپتان ویمن کرکٹ ثنا میر نے کہا کہ خواتین اور نوجوانوں کو کھیلوں میں آگے بڑھنے کے مزید مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں۔ انہوں نے جیتنے والی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کھیل قوموں کو قریب لانے کا ذریعہ بنتے ہیں اور اس طرح کے ٹورنامنٹس قابلِ ستائش ہیں جبیل کرکٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین معاذ منیر نے کہا کہ ان کا مقصد مقامی سطح پر کرکٹ کو فروغ دینا اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا ہے۔ انہوں نے تمام مہمانوں، ٹیموں اور سپورٹرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ JCA آئندہ بھی ایسے کامیاب ٹورنامنٹس کے انعقاد کے لیے کوشاں رہے گا۔
