میرواعظ عمر فاروق کا سرینگر میں آتشزدگی کے واقعات پر اظہار رنج و غم

 



سرینگر: غیرقانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں آتشزدگی کے واقعات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق شاہ پورہ میں تاریخی جامع مسجد کے قریب آگ لگنے سے 12رہائشی مکانات جل کر خاکستر ہونے سے کئی خاندان شدید سردموسم میں بے گھر ہو گئے ہیں۔ چھتہ بل میں بھی آگ لگنے سے کئی مکانات جل کر تباہ ہو گئے ہیں۔جامع مسجد میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے میرواعظ نے کہا کہ وادی کشمیر میں سردموسم کے دوران آتشزدگی کے واقعات بڑھ جاتے ہیں جس سے لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے شاہ پورہ میں آتشزدگی کے واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے افسوس ظاہر کیاکہ فائر بریگیڈ کے پاس آگ پر قابو پانے کیلئے پانی ختم ہو گیا تھاجس کی وجہ سے آگ بجھانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔میرواعظ نے متاثرہ علاقے کا دورہ کیا، متاثرین سے ملاقات کی اور انہیں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے قابض حکام پر زور دیا کہ وہ آتشزدگی کے حالیہ واقعات کا نوٹس لیں۔ انہوں نے عوام سے بھی متاثرہ خاندانوں کی مدد کی اپیل کی۔

جدید تر اس سے پرانی