نئی دہلی: بھارتی دارالحکومت نئی دہلی سے روزانہ درجنوں افراد لاپتہ ہورہے ہیں جس سے” شائننگ انڈیا “کی سیاہ حقیقت بے نقاب ہوگئی ہے۔
فسطائی مودی کی کرپٹ حکومت میں روزانہ درجنوں مردوخواتین کا لاپتہ ہونا ”شائننگ انڈیا“ کے مضحکہ خیزدعووں کا منہ چڑھا رہا ہے۔دراصل بی جے پی کی ہندوتوا حکومت عوامی مسائل سے مکمل طورپر لاتعلق ہے اوراس کی تمام ترتوجہ صرف انتہا پسندی اورفرقہ پرستی کو ہوادیکر اپنے اقتدارکو مضبوط کرنے پر مرکوز ہے۔ بھارتی اخبار”ہندوستان ٹائمز“ نے ریاستی مشینری کی ناکامی کا پول کھول دیا۔ اخبار کے مطابق جنوری 2026کے پہلے15روزمیں بھارتی دارالحکومت دہلی سے 509خواتین سمیت 807افراد لاپتہ ہوئے جن میں 191 کم عمر بچے بھی شامل ہیںاور دہلی خواتین اور بچوں کیلئے مکمل طورپر غیرمحفوظ ہوگیاہے۔ گزشتہ برس بھی دہلی سے ساڑھے24 ہزار سے زائد افرادلاپتہ ہوئے تھے جن میں 60 فیصد سے زائدخواتین شامل ہیں۔ بھارت کو عصمت دری کے بڑھتے ہوئے واقعات کے باعث گزشتہ برسوں میں” ریپ کیپٹل آف دی ورلڈ“ بھی قرار دیا جا چکا ہے۔ بین الاقوامی ماہرین کے مطابق خطے پر حکمرانی کے نا اہل مودی حکومت کے غیر حقیقی دعوے بھارت میں خواتین اور کمزور طبقات کے خلاف بڑھتے ہوئے جرائم نے مضحکہ خیز ثابت کر دیے ہیں۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بھارت میں بڑھتا ہواتشدد اور انسانی حقوق کی پامالیاں ریاستی نگرانی اور ادارہ جاتی ناکامی کا واضح ثبوت ہیں۔