مظفرآباد:
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ اور جموں و کشمیر لبریشن سیل کے زیراہتمام مظفر آباد میں ایک کانفرنس میں شہید محمد افضل گورو اورشہید محمد مقبول بٹ کو خراج عقیدت پیش کیاگیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارت نے محمد افضل گورو کو 9 فروری 2013 کو نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں اور ایک اور ممتاز کشمیری رہنما محمد مقبول بٹ کو 11فروری 1984 کو اسی جیل میں پھانسی دے دی تھی۔ان کی لاشیں جیل کے احاطے میں ہی دفن ہیں۔ کانفرنس میں سیاسی، مذہبی اور سماجی تنظیموں کے رہنمائوں، وکلا، دانشوروں، انسانی حقوق کے کارکنوں، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔مقررین میں آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم کے ترجمان شوکت جاوید میر، حریت رہنما مشتاق الاسلام، سمیعہ ساجد، لبریشن سیل کے ڈائریکٹر سردار ساجد، علی شان،میڈیا کوآرڈینیٹر اشفاق احمد اعوان، سید عمیر، منیر کونسی اور سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر عبدالرشید احمد شامل تھے۔مقررین نے شہید افضل گورو، شہید محمد مقبول بٹ اور دیگر شہدائے کشمیر کو شاندارخراج عقیدت پیش کیا اور جدوجہد آزادی کشمیر کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کااعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ شہید مقبول بٹ اور شہید محمد افضل گورو تحریک آزادی کشمیر کے روشن مینار ہیں ۔ مقررین نے کہا کہ دونوں عظیم رہنمائوں کو بھارتی عدالتوں نے عجلت، غیر جانبداری اور انصاف کے اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بغیر کسی جرم اور ثبوت کے پھانسی دی۔انہوں نے زور دیا کہ شفاف عدالتی عمل، بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کسی بھی سیاسی تنازعہ کے حل کے لیے ناگزیر اصول ہیں۔انہوں نے واضح کیاکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق تنازعہ کشمیر کے پر امن کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا ۔ کانفرنس کے شرکا نے کشمیری عوام کے آزادی، حقوق، انسانی وقار اور انصاف کے مطالبات کو اجاگر کرنے کے لیے علمی، سیاسی اور سفارتی سطح پر کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔کانفرنس کے اختتام پر شہدائے کشمیر کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔