اسلام آباد(پی آئی ڈی) 8 فروری 2026
آزاد جموں و کشمیر میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں ایک نئے دور کا آغاز ہو گیا ہے۔ محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی آزاد کشمیر نے ایک بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے ریاست بھر میں آپٹیکل فائبر بچھانے کے منصوبے کی باقاعدہ منظوری حاصل کر لی ہے، جس کے بعد جلد عوام کو انٹرنیٹ کی تیز ترین اور جدید سہولیات میسر ہوں گی۔اس سلسلے میں سیکرٹری اطلاعات و انفارمیشن ٹیکنالوجی محمد راشد حنیف نے کہا کہ آپٹیکل فائبر منصوبے کا مقصد آزاد کشمیر کے شہری و دیہی علاقوں میں ڈیجیٹل رابطوں کو مضبوط بنانا، ای گورننس کو فروغ دینا اور عوام کو عالمی معیار کی انٹرنیٹ سہولیات فراہم کرنا ہے۔ اس منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف انٹرنیٹ کی رفتار میں نمایاں اضافہ ہوگا بلکہ آن لائن تعلیم، ٹیلی میڈیسن، ای کامرس اور آئی ٹی سے وابستہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ بڑا منصوبہ وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی خصوصی ہدایت پر شروع ہوا جس کے بعد پی ٹی سی ایل سے معاونت طلب کی گئی اور عید کے بعد اس پر باقاعدہ کام کا آغاز ہو جائے گا جس پر اربوں روپے لاگت آئے گی ۔انہوں نے کہا کہ یہ آزادجموں و کشمیر کے شہریوں کیلیے ایک گیم چینجر منصوبہ ہے آزادجموں و کشمیر میں جب سے انٹرنیٹ کی سہولت متعارف ہوئی یہ پہلا موقع ہے کہ حکومت نے اپنی عوام خاص طور پر طلباء اور پروفیشنل خواتین و حضرات کیلیے تیز ترین انٹرنیٹ کی فراہمی یقینی بنانے کیلیے فائبر آپٹیکل بچھانے کامنصوبہ منظور کیا ۔ انہوں نے کہا کہ آپٹیکل فائبر نیٹ ورک بچھائے جانے سے سرکاری دفاتر، تعلیمی اداروں، صحت کے مراکز اور کاروباری شعبے کو یکساں طور پر فائدہ پہنچے گا۔ اس سے ریاست میں ڈیجیٹل سروسز کا دائرہ کار وسیع ہوگا اور عوام کو گھر بیٹھے جدید سہولیات دستیاب ہوں گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ یہ منصوبہ آزاد کشمیر کو ڈیجیٹل لحاظ سے خود کفیل بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے اور حکومت آئی ٹی کے شعبے کو ترقی دے کر نوجوانوں کو باعزت روزگار فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ آپٹیکل فائبر کی سہولت سے آزاد کشمیر میں ترقی کے نئے دروازے کھلیں گے اور ریاست جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک مضبوط مقام حاصل کرے گی۔
