بھارت:بنارس میں کشتی پر افطار پارٹی کرنے والے 14 مسلمان گرفتار

 

نئی دہلی : بھارتی ریاست اترپردیش کے شہربنارس (نیانام وارانسی) میں گنگا ندی کے بیچ کشتی پر افطار پارٹی کرنے والے 14 مسلمان نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر بھارتیہ جنتا یوا مورچہ کے ایک عہدیدار کی شکایت پر درج کی گئی، جس نے ان افراد پر بریانی کھا کر ہڈیاں ندی میں پھینکنے اور مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کا الزام لگایا ہے۔اایف آئی آر درج کروانے والے بھارتیہ جنتا یوا مورچہ کے عہدیدار کا کہنا ہے کہ مسلمان نوجوانوں نے جس طرح گنگا میں گوشت کا استعمال کیا،یہ ہم تمام سناتن دھرم کے پیروکاروں کے لیے ناقابل برداشت ہے۔ پولیس ڈپٹی کمشنر کے پاس درج کیگئی شکایت میں لکھا ہے کہ اس عمل کے ذریعے یہ مسلمان نوجوان جان بوجھ کر جہادی ذہنیت کو فروغ دے رہے ہیں۔شکایت کنندہ نے پولیس کو مذکورہ ویڈیو بھی فراہم کی ہے جبکہ اس کشتی بان کے خلاف بھی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے جس نے اپنی کشتی ’افطارپارٹی کے لیے استعمال کرنے دی۔ شکایت کے چند ہی گھنٹے بعد پولیس نے نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔ ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک پولیس افسر نے کہاکہ ہم معاملے کی جانچ کر رہے ہیں اور قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کو یقینی بنا رہے ہیں۔

جدید تر اس سے پرانی