لیہہ: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر کے خطے لداخ میں سول سوسائٹی کے رہنماوں نے حقوق کی فراہمی میں بھارتی حکام کے تاخیری حربوں کیخلاف 16 مارچ کو احتجاجی مارچ کی کال دی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق لیہہ اپیکس باڈی (ایل اے بی) اور کارگل ڈیموکریٹک الائنس (کے ڈی اے) نے بھارتی وزارت داخلہ کے تاخیری حریوں اور خطے کے معروف ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک کی بھارتی ریاست راجستھان کی جے پور جیل مسلسل غیر قانونی حراست کے خلاف احتجاج مارچ کا اعلان کیا۔مارچ لیہہ کے سنگے نمگیال چوک سے پولو گراو¿نڈ تک کیا جائے گا۔ لداخ کے دونوں اضلاع لیہہ اور کرگل میں ریلیاں ہونگی۔
لداخ کے رہنما آئین کے چھٹے شیڈول کے نفاذ ، لداخ کیلئے ریاستی درجہ اور دیگر مطالبات کر رہے ہیں۔ یاد رہے کہ بی جے پی کی بھارتی حکومت نے اگست 2019میں مقبوضہ علاقے کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے وقت لداخ کو جموں وکشمیر سے الگ کر کے اسے بھی یونین ٹیری ٹری(نئی دلی کے براہ راست زیر انتظام ) علاقہ بنا لیا تھا۔