سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں وادی کشمیرکو باقی دنیا سے ملانے وا لے واحد زمینی راستے یعنی سرینگر جموں ہائی وے کو گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے بندکردیاگیاہے کیونکہ شدید بارش کے بعد ضلع رامبن کے علاقے میہڑ میں مٹی کے تودے گرآئے ہیں۔
مٹی کے تودے نے ہائی وے کو بلاک کر دیا جس کے بعد دونوں اطراف سے ٹریفک کو معطل کرناپڑااور سینکڑوں گاڑیاں پھنس کررہ گئیں۔حکام نے بتایا کہ ہائی وے پر مسلسل بارش کے باعث کئی مقامات پر مٹی کے تودے اورچٹانیں گرآئیںجس سے سڑک کی حالت خراب ہو گئی ہے۔ ٹریفک پولیس نے ایک ایڈوائزری میں کہا کہ سرینگر جموں ہائی وے پر کئی مقامات پر مٹی کے تودے اورچٹانیں گرآنے اور پورے علاقے میں مسلسل بارش کی وجہ سے ٹریفک کو دونوں طرف سے روک دیا گیا ہے۔مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اس وقت تک ہائی وے پر سفر کرنے سے گریز کریں جب تک موسم کی صورتحال بہتر نہیں ہو جاتی اور کلیئرنس آپریشن مکمل نہیں ہو جاتا۔
دریں اثناءضلع بانڈی پورہ میں گریز کے علاقے تلیل میں ایک بڑا برفانی تودہ گر آیاہے۔حکام کا کہنا ہے کہ ابھی تک کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ہے جبکہ بچاﺅ اورامداد کی ٹیمیں علاقے میں تعینات کر دی گئی ہیں۔ برف جمع ہونے کی وجہ سے بانڈی پورہ گریزسڑک بھی بند ہے۔حکام نے گریز اور تلیل کے رہائشیوں کو خبردار کیاہے کہ ضلع بانڈی پورہ میں اگلے 24 گھنٹوں کے دوران2,400 میٹر کی بلندی والے علاقوں میں برفانی تودے گرآنے کا امکان ہے۔