محبوبہ مفتی کا امریکہ ، اسرائیل مخالف مظاہروں کی پاداش میں گرفتار تمام نوجوانوں کی فوری رہائی کا مطالبہ

 

سری نگر:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے ایران کیساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی حکومت پر زور دیاہے کہ وہ امریکی ، اسرائیلی جارحیت کیخلاف مظاہروں کی پاداش میں گرفتار کیے گئے تمام کشمیری نوجوانوں کو فوری رہا کرے۔
محبوبہ مفتی نے سرینگر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایران کیساتھ کشمیر کے تاریخی اور ثقافتی روابط کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں دین اسلام ایران کے راستے ہی پہنچا ہے۔ انہوںنے کہا کہ دنوں خطوں کے درمیان گہرے تہذیبی اور روحانی رشتے موجود ہیں۔ انہوں نے ایران کے ساتھ بھر پور اظہار یکجہتی کرنے پر کشمیری عوام کی تعریف کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر کی سربراہی میں قائم انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ مظاہروں میںحصہ لینے کی پاداش میں گرفتار کیے گئے تمام لوگوں کو رہا کرے۔
انہوں نے بھارتی حکومت پر زور دیا کہ وہ ایران کے حوالے سے اپنی پالیسی پر نظر ثانی کرے۔ محبوبہ مفتی نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بند سینئر رہنما شبیر احمد شاہ کو بھارتی سپریم کورٹ کی طرف سے ملنے والی ضمانت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بیٹی نے اپنے والد کی رہائی کے لیے طویل قانونی جدوجہد کی ۔ انہوں نے غیر قانونی طورپر نظر بند تمام کشمیریوں کو انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔
پی ڈی پی کی سربراہ نے لداخ خطے کے ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک کی نظر بندی منسوخ کرنے کے بھارتی وزارت داخلہ کے فیصلے کو قدم خوش آئند قرار دیا۔

جدید تر اس سے پرانی