مظفرآباد(پی آئی ڈی)23مارچ 2026
وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے عید پولیس فورس کے جوانوں کے ساتھ منائی۔ عید کے پہلے روز وزیراعظم نے مظفرآباد پولیس لائن کا خصوصی دورہ کیا، جہاں انہوں نے اہلکاروں کے ساتھ وقت گزارا اور ان کے جذبے کو سراہا۔آئی جی پولیس کیپٹن ریٹائرڈ لیاقت علی ملک نے وزیراعظم کا استقبال کیا اور انہیں بریفنگ بھی دی۔ پولیس جوانوں سے اپنے خطاب میں وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے پولیس فورس کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہماری فرنٹ لائن ہیں اور مشکل حالات میں آپ کی جرات، بہادری اور قربانیاں قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عید جیسے خوشی کے موقع پر اپنے جوانوں کے ساتھ ہونا ان کی دلی خواہش تھی اور پولیس کے جوان ان کے لیے نہایت اہم ہیں۔ اس موقع پر وزیراعظم نے پولیس فورس کے لیے ایک خصوصی مالی پیکج بھی دیا جس کی آئی جی پولیس نے تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ دورانِ ڈیوٹی شہید ہونے والے پولیس جوان کے لیے ایک کروڑ روپے جبکہ گھر کے لیے 80 لاکھ روپے مقرر کیے گئے ہیں۔ اے ایس آئی اور سب انسپکٹر کی شہادت پر 1 کروڑ 25 لاکھ نقد اور 90 لاکھ روپے گھر کے لیے دیے جائیں گے۔ اسی طرح انسپکٹر اور ڈی ایس پی کی شہادت پر ڈیڑھ کروڑ روپے نقد اور 1 کروڑ 30 لاکھ روپے اہلخانہ کے لیے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ ڈی ایس پی سے اوپر افسران کی شہادت کی صورت میں 2 کروڑ روپے نقد دیے جائیں گے۔ وزیراعظم نے پولیس کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے نئی موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا۔ اس موقع پر انسپکٹر جنرل پولیس آزاد کشمیر کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور اس اقدام کو پولیس فورس کے لیے حوصلہ افزا قرار دیا۔