یوم پاکستان پر حریت رہنماﺅں کی پاکستانی قوم کو مبارکباد

 

سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میںحریت قیادت نے یوم پاکستان پر پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے دونوں قوموں کے درمیان گہرے تعلقات کو اجاگر کیا ہے اور کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے اسے اظہاریکجہتی کا پیغام دیا ہے۔
حریت رہنماوں اور مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن نے پاکستان کے عوام اور حکومت کو دلی مبارکباد پیش کی۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماﺅں نے فیاض حسین جعفری اور سید سبط شبیر قمی نے ایک مشترکہ بیان میں پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ 27 رمضان المبارک کی بابرکت رات کو وجود میں آنے والا پاکستان بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر سمیت پوری امت مسلمہ کی امیدوں اور آرزووں کا مرکز ہے۔ انہوں نے جموں و کشمیر اور پاکستان کے درمیان مضبوط اور اٹوٹ بندھن پر زور دیا جس کی بنیاداسلام ہیں۔ انہوں نے جموں کشمیر کے ایک بڑے حصے پر بھارت کے قبضے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ تقسیم کے اصولوں کے منافی ہے اور کشمیری پاکستان کے لیے بے پناہ قربانیاں دے رہے ہیں۔
مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن (ایم ایس ایف) کے صدر ڈاکٹر قمر الزمان زرگر نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ پاکستان عالم اسلام میں اہم سیاسی اہمیت رکھتا ہے اور نہ صرف برصغیر کے مسلمانوں بلکہ دنیا بھر کے مظلوموں کے لیے امید کا مرکز ہے۔انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کے لیے بے مثال قربانیاں دی گئیں، یہ ملک مسلمانوں کے لیے ایک عظیم نعمت ثابت ہوا ہے۔ انہوں نے کشمیر کاز کی مسلسل سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ کشمیری پاکستان اور اس کی افواج کو اپنا محافظ اورنجاعت دہندہ سمجھتے ہیں اورپاکستان بھارت کے قبضے سے آزادی تک ان کی جدوجہد کی حمایت کے لیے پرعزم ہے۔ڈاکٹر قمر الزمان زرگر نے قائد اعظم محمد علی جناح کے اس قول کو کہ ”کشمیر پاکستان کی شہ رگ“ہے دہراتے ہوئے کہاکہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی تحریک پاکستان کا تسلسل ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانیوں اور کشمیریوں کے درمیان مضبوط مذہبی، تاریخی اور ثقافتی رشتے ہیں اورکشمیر تقسیم برصغیر کا نامکمل ایجنڈا ہے۔
دریں اثناءکل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماو¿ں محمود احمد ساغر، سید فیض نقشبندی، شمیم شال، الطاف احمد بٹ، زاہد اشرف، زاہد صفی، شیخ یعقوب اور گلشن احمد نے اسلام آباد میں جاری اپنے بیانات میں کہا کہ پاکستان اور کشمیر کے عوام مشترکہ جغرافیائی، ثقافتی، مذہبی، سماجی اور تاریخی لحاظ سے ایک قوم ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام پاکستان اور اس کی مسلح افواج کو اپنا نجات دہندہ سمجھتے ہیں اورانہیں یقین ہیں کہ وہ دن دور نہیں جب جموں و کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا۔

جدید تر اس سے پرانی