مقررین کا کشمیر ی خواتین کی عزت، وقار اور بنیادی حقوق کی ابتر صورتحال پر اظہار تشویش

 

راولپنڈی:
خواتین کے عالمی دن کے موقع پر انسٹی ٹیوٹ آف ملٹی ٹریک ڈائیلاگ، ڈویلپمنٹ اینڈ ڈپلومیٹک اسٹڈیزکے زیر اہتمام ویمن یونیورسٹی راولپنڈی کے تعاون سے ایک کانفرنس منعقد کی گئی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کانفرنس کے مقررین نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خواتین کی عزت، وقار اور بنیادی حقوق کی ابترصورتحال پرسخت تشویش کا اظہار کیا۔کانفرنس میں اسکالرز، طلبا اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی اور جموں و کشمیر کے طویل تنازعے کے دوران خواتین کو درپیش مشکلات پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری خواتین کئی دہائیوں سے حل طلب دیرینہ تنازعے کا سب سے بری طرح نشانہ بن رہی ہیں۔انکے پیاروں کو حراست کے دوران لاپتہ کردیاجاتاہے ۔ مسلسل غیر یقینی صورتحال اور بڑی تعداد میں قابض فورسز کی تعیناتی کی وجہ سے خوف و دہشت کے ماحول کی وجہ سے خواتین کوشدید سماجی و نفسیاتی مشکلات کا سامنا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ان تمام ترمشکلات کے باوجود کشمیری خواتین ہمت، صبر اور مزاحمت کی علامت بنی ہوئی ہیں اور اپنے خاندانوں اور معاشرے کو سہارا دینے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ شرکا نے کہا کہ کشمیری خواتین کودرپیش مشکلات کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جاناچاہیے ۔کانفرنس کے اختتام پر شرکا نے متفقہ طور پر کشمیری خواتین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا اور قومی و بین الاقوامی فورمز پرزوردیاکہ وہ ان کودرپیش مشکلات کا ادراک کریں اور انصاف، وقار اور دیرپا امن کے لیے ان کی جدوجہد کی حمایت کریں۔اس موقع پر منظور کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان کی خواتین اسکالرز، صحافی اور طالبات اخباری کالم، تحقیقی مضامین اور مضامین کے ذریعے کشمیری خواتین کی حالت زار اور جدوجہد کو اجاگر کریں گی تاکہ اس مسئلے کو قومی مکالمے میں نمایاں کیاجاسکے۔اعلامیے میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے مشترکہ مہم چلانے کا بھی اعلان کیا گیا۔پاکستان کی ویمن یونیورسٹیوں اور تحقیقی اداروں کی جانب سے سیمینارز، کانفرنسوںاور علمی مکالموں کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا تاکہ کشمیری خواتین کے تجربات کو دستاویزی شکل دی جا سکے اور شواہد پر مبنی سفارشات عالمی برادری کے سامنے پیش کی جا سکیں۔

جدید تر اس سے پرانی