سری نگر :بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای شہید کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے قتل سے پوری امت مسلمہ ایک دور اندیش اور اعلیٰ پائے کے رہنما سے محروم ہوگئی ہے۔
آغا سید حسن نے بڈگام میں انجمن شرعی شیعیان کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان تعزیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای نے اپنی پوری زندگی اسلام کے دفاع، مسلمانوں کے وقار کی بحالی اور مظلوم اقوام کے حقوق کی پاسداری کے لیے وقف کردی۔ انہوں نے کہا کہ شہید نے کئی دہائیوں تک سامراجی تسلط اور صیہونی جارحیت کے خلاف پرعزم آواز اٹھائی اور مظلوم اقوام کے لیے امید کی کرن بنے رہیں۔
انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر امریکہ اور اسرائیل سمجھتے ہیں کہ ایک عظیم رہنما کو خاموش کرنے سے مزاحمت ختم ہو جائے گی تو وہ غلط ہیں ۔ آیت اللہ خامنہ ای کا مقدس خون رائیگاں نہیں جائے گا اور جس طرح کربلا کے شہداءکے خون نے تاریخ کا دھارا بدل دیا اسی طرح ان کی شہادت سے مسلم دنیا میں بیداری، مزاحمت اور اتحاد کی نئی روح بیدار ہوگی۔
آغا حسن نے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای کا سب سے بڑا پیغام مسلمانوں کے درمیان اتحاد اور آزادی کا تحفظ تھا لہذا امت مسلمہ کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ تقسیم سے بچیں اور ناانصافی اور ظلم کے خلاف متحد ہو ۔