جموں:غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بی جے پی حکومت کے مسلط کردہ لیفٹیننٹ گورنر نے مسلم اکثریتی علاقوں کے عوام پرزوردیاہے کہ وہ ہندو قوم پرستی کے” وندے ماترم” کو بطورحب الوطنی اور قومی اتحاد کی علامت طورپر قبول کریں،جوکہ مقبوضہ علاقے میں ہندوتوا نظریہ مسلط کرنے کی ایک سازش ہے ۔
لیفٹیننٹ گورنرمنوج سنہانے ان خیالات کا اظہار ابھینو تھیٹر، جموں میں وندے ماترم کے 150سال کی یاد میں منعقدہ سات روزہ خصوصی پروگرام کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے وندے ماترم کو "ہماری شناخت، طاقت اور عہد” قراردیتے ہوئے کہاکہ یہ صرف الفاظ نہیں بلکہ تہذیبی اقدام پر مبنی ایک نظریہ ہے ۔مبصرین کا کہنا ہے کہ اس طرح کی تقریبات اور وندے ماترم کے لیے عوامی دبائو بی جے پی حکومت، بھارتی فوجی اسٹیبلشمنٹ کی طرف سے جاری وسیع مہم کا حصہ ہے،جس کا مقصد مسلم اکثریتی اور متنازعہ علاقے میں ہندو قوم پرستی کے بیانیے کو مسلط کرنا ہے۔ ناقدین کاخیال ہے کہ کشمیریوں پر دبائو ڈالا جا رہا ہے کہ وہ وفاداری کااس طرح اظہار کریں جو مقامی ثقافت اور مذہبی شناخت سے متصادم ہو اور سیاسی و شہری شرکت کو صرف ہندوتوا کے نظریہ کے مطابق محدود کیا جا رہا ہے۔