سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کئی پہاڑی علاقوں میں بدھ کے روز تازہ برفباری ہوئی جبکہ گرمائی دارالحکومت سرینگر سمیت میدانی علاقوں میں شدیدبارش ہوئی جس سے پورے خطے میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئی۔
ضلع شوپیاں میں مغل روڈ کے ساتھ ساتھ پیر کی گلی،سونہمرگ، دودھ پتھری اور کئی سیاحتی مقامات سے برف باری کی اطلاعات ہیں۔ وادی کے بیشتر پہاڑی علاقے برف سے ڈھکے ہوئے ہیں، اتوار سے وقفے وقفے سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔سرینگر سمیت میدانی علاقوں میں دن بھر مسلسل بارش ہوتی رہی جس سے دن کے درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی۔محکمہ موسمیات نے 20 مارچ تک غیر مستحکم موسمی حالات کی پیش گوئی کی ہے، کئی علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش یا برفباری کی توقع ہے۔ وادی چناب اور جنوبی کشمیر کے کچھ پہاڑی علاقوں میں ہلکی سے بھاری برف باری ہو سکتی ہے۔ 26 اور 28 مارچ کے درمیان بارشوں اوربرفباری کایک اور سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔