اسلام آباد : کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کی رہنما شمیم شال نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری مظالم اوربھاری تعداد میں بھارتی فوجیوں کی موجودگی سے کشمیری خواتین معاشرے کا سب سے زیادہ متاثرہ طبقہ ہیں۔
شمیم شال نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ایک بیان میں کہا کہ خواتین پر ہونے والے مظالم کو ہر عالمی فورم پر اجاگر کرنے اور اسے منظر عام پر لانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کی نہ صرف تذلیل اور ہراساں کیا جاتا ہے بلکہ انہیں طویل ڈپریشن کی وجہ سے تکلیف دہ صورتحال کا سامناہے جو مودی امراض کا باعث بنتا ہیں۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے انتہائی غیر محفوظ ماحول نے کشمیری خواتین کو سب سے زیادہ متاثر کیا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیاکہ ہزاروں کشمیری خواتین بیوہ ہو چکی ہیں اوران کے لئے اپنے بچوں کی دیکھ بھال اور گھر چلانا بہت مشکل کام ہے۔ حریت رہنما نے کہا کہ ان خواتین کو صحت، معیشت، تعلیم، سیاست، گھریلو تشدد، بچوں کی اموات اور ریاستی تشدد جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر بحیثیت کشمیری ہم سب پر زیادہ ذمہ داری اور فرض ہے کہ ہم کشمیر کی مظلوم خواتین کی آواز بنیں۔شمیم شال نے کہا کہ ان مظالم کو اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کی حالیہ رپورٹ میں نمایاں کیا گیا ہے جس کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے تائید کی ہے۔