مظفرآباد(پی آئی ڈی)23مارچ 2026
وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے نماز عید الفطر دارالحکومت مظفرآباد کی مرکزی عید گاہ میں شہریوں کے ساتھ ادا کی۔ مرکزی عیدگاہ میں ہونے والے اس عظیم الشان اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو سلام پیش کرتے ہوئے عید کے اس موقع پر سرحدوں پر ڈٹے افواجِ پاکستان کے بہادر جوانوں کو بھی بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے اپنے خطاب میں ایران اور غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کی بھی شدید مذمت کی۔ نماز عید کے بعد وزیراعظم نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام سے یکجہتی کے اظہار کے لیے نکالی گئی ریلی کی قیادت کی۔ یہ ریلی حکومت آزادکشمیر اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام نکالی گئی تھی۔ اس موقع پر وزیراعظم عوام کے درمیان گھل مل گئے۔
مظفرآباد(پی آئی ڈی)23مارچ 2026
وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے عید الفطر کے موقع پر مرکزی عید گاہ میں منعقدہ عظیم الشان کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عید الفطر تمام مسلمانوں کے لیے انتہائی اہمیت کا دن ہے۔ رمضان کے بعد عید خوشی اور صبر کا انعام ہے۔انہوں نے کہا کہ آج خوشی کا دن ہے مگر مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کو نہ بھولیں۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے قابض فورسز کی جانب سے سرینگر جامع مسجد کی بندش پر تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ مستحقین اور نادار افراد کو عید کی خوشیوں میں شامل کریں۔ شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ حاکم وقت دراصل خادم ہوتا ہے، ذمہ داری اللہ کی امانت ہے۔ عوامی خدمت ہماری اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ والد محترم راجہ ممتاز حسین راٹھور نے مختصر دور حکومت میں عوام کی خدمت کی۔ اللہ نے موقع دیا ہے عوام کے لیے آسانیاں پیدا کریں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ سچ کو ثابت کرنا پڑتا ہے، جھوٹ خود پھیل جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مظفرآباد ایک خوبصورت اور تاریخی شہر ہے اور مظفرآباد شہر میں قربانی کا جذبہ قابلِ ستائش ہے۔عوامی خدمت میں کوئی کمی نہیں آنے دیں گے۔ شہر کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے پی سی ون تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ بقیہ مدت میں عوام کے ڈٹ کر خدمت کریں گے۔