میرپور (پی آئی ڈی)25مارچ 2026
لاکھوں کشمیری تارکین وطن کے ضلع میرپور میں زلزلہ زدہ علاقوں میں عوام کو پینے کے صاف،محفوظ اورخالص پانی کی فراہمی کی جانب ایک اور قدم،مسلم ہینڈز میرپور اور Hubcoلاریب انرجی لمیٹڈ کے مابین ابتدائی طور پر پہلے مرحلے میں 4 واٹرفلٹریشن پلانٹس کی تنصیب کیلئے معاہدہ طے پاگیا۔ مسلم ہینڈز کی جانب سے ہیڈ آف آپریشن جاویدالحسن جبکہ لاریب انرجی کی جانب سے پلانٹ منیجر غلام وقاص شہزاد نے معاہدے پر دستخط کر دیئے ہیں۔ اس دوران ایڈمن منیجر لاریب انرجی میجر سہیل اسمگل بھی موجود تھے۔اس موقع پر اپنے پیغام میں ہر دوفریقین نے کہا کہ یہ شراکت داری ہماری اس مستقل وابستگی کی عکاسی کرتی ہے کہ ہم کمیونٹیز کو صاف، محفوظ اور خالص پینے کا پانی فراہم کریں، عوامی صحت کو بہتر بنائیں اور معیارِ زندگی کو بلند کریں۔ صاف پانی تک رسائی صرف ایک ضرورت نہیں بلکہ ایک بنیادی حق ہے، اور ایسی کاوشوں کے ذریعے ہم صحت مند اور مضبوط معاشروں کی تعمیر کے لیے کوشاں ہیں۔ معاہدہ نامہ لاریب انرجی کے دفتر میں دستخط کیاگیا یادرہے کہ قبل ازیں نوے سے زائد واٹر فلٹریشن پلانٹ مسلم ہینڈز کے زیراہتمام کام کررہے ہیں اور اب اس نئے معاہدے کے مطابق ضلع میرپور کے زلزلہ زدہ 4 علاقوں جاتلاں ہیڈ،ساہنگ نکہ،بنی اور سموال شریف میں واٹر فلٹریشن پلانٹس نصب کر کے عوام الناس کو مقامی سطح پر پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کی طرف پیش رفت کی جائیگی۔مسلم ہینڈز میرپور کے ہیڈ آف آپریشن جاویدالحسن نے بتایا کہ مسلم ہینڈز نے میرپور میں شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی موثر اور وافر فراہمی کے لیے پی سی آر ڈبلیو آر کے معیار کے مطابق اپنی ٹیسٹنگ لیب بنا کر اپنے ایک سو کے قریب نصب شدہ واٹر فلٹریشن پلانٹس کے ذریعے عوام الناس کو پینے کے صاف ستھرے پانی کی فراہمی کے لئے ہرممکن اقدامات اٹھا رکھے ہیں اور اب جدید دور کے تقاضوں کے مطابق مسلم ہینڈز میرپور نے مارکیٹ میں دستیاب واٹر فلٹریشن پلانٹس کی مہنگے داموں خرید کی بجائے اپنے ماہر کاریگروں کے ذریعے بہتر سے بہترین واٹر فلٹریشن پلانٹس کی کم قیمت میں اسمگلنگ کا آغاز بھی کر دیا ہے جس کے نتائج بھی بہتر سامنے آ رہے ہیں۔