ایران اپنے اصولی موقف پر قائم ہے، مسائل کا راتوں رات حل ہونا ممکن نہیں، محبوبہ مفتی

 

بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی( پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات ناکام نہیں ہوئے ہیں ، دونوں کے درمیاں موجود مسائل کو حل کرنے میں وقت لگے گا۔
محبوبہ مفتی نے ضلع پلوامہ میں پارٹی کی ایک ریلی کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کہا کہ تہران اپنے اصولی موقف پر قائم ہے اور اس نے ایک بار پھر حوصلے کا مظاہرہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ چاہتا تھا کہ اس جنگ کے دوران ایران نے جو بھی کامیابیاں حاصل کیں وہ اس کے حوالے کر دی جائیں۔ یہ کیسے ہو سکتا ہے؟ مجھے خوشی ہے کہ ایران ثابت قدم رہا اور امریکہ کو خالی ہاتھ لوٹنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ بات چیت ناکام ہو گئی ہے ،یہ ایک پیچیدہ معاملہ ہے جس کے لیے اتنی بڑی جنگ لڑی گئی۔ اگر آپ سوچتے ہیں کہ یہ مسئلہ راتوں رات حل ہو جائے گا، تو یہ ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا چاہتی ہے کہ بات چیت کامیاب ہو اور آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولا جائے۔انہوں نے کہا کہ ہرمز کی بندش سے دنیا کے لیے توانائی کے مسائل پیدا ہوئے ہیں۔ پیٹرول اور گیس کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں،تجارت کو شدید نقصان پہنچا ہے اس لیے مذاکرات کو کامیاب ہونا چاہیے اور ہم سب کو اس کے لیے دعا کرنی چاہیے۔

جدید تر اس سے پرانی