وفد نے مشیر حکومت سردار فہد یعقوب سے ملاقات کر کے وویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے عارضی ملازمین کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔

 

مظفرآباد :مشیر حکومت برائے صنعت و تجارت, لیبر اوزون و پیمائش ، ابریشم و سیری کلچر سردار فہد یعقوب سے وویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے غیر جریدہ سکیل 1 تا 14 کے عارضی ملازمین کے نمائندہ وفد نے ان کے آفس چیمبر میں ملاقات کی اور اپنے درپیش مسائل سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔
وفد نے مؤقف اختیار کیا کہ ان ملازمین کی مدتِ ملازمت بیس بیس سال سے زائد ہو چکی ہے، تاہم وہ تاحال عارضی بنیادوں پر فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ طویل عرصہ تک مستقلی نہ ملنے کے باعث ملازمین شدید ذہنی دباؤ، معاشی مشکلات اور پیشہ ورانہ عدم تحفظ کا شکار ہیں، جس سے ان کی کارکردگی اور گھریلو زندگی بھی متاثر ہو رہی ہے۔
وفد نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت کی طرز پر، انسانی ہمدردی اور اصولِ انصاف کے تحت ان ملازمین کو مستقل (کنفرم) کیا جائے تاکہ وہ باوقار، پُرسکون اور اطمینان کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دے سکیں۔
سردار فہد یعقوب نے وفد کے مسائل سننے کے بعد یقین دہانی کروائی کہ ان کے جائز مطالبات کو متعلقہ فورمز پر مؤثر انداز میں اٹھایا جائے گا اور مسئلہ کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔



جدید تر اس سے پرانی