فوجی فاؤنڈیشن کالج میرپور آزاد جموں و کشمیر میں سالانہ تقریب تقسیمِ انعامات اور جشنِ معرکہ حق کے سلسلے میں ایک پُروقار اور شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں طلبہ، اساتذہ، والدین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی معزز شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی کمانڈنگ آفیسر ایس سی او (SCO) میرپور ڈویژن لیفٹیننٹ کرنل عدیل ملک تھے جبکہ صدارت پرنسپل فوجی فاؤنڈیشن کالج لیفٹیننٹ کرنل (ر) اختر حسین مجوکہ (تمغہِ امتیاز ملٹری) نے کی۔ مہمانانِ گرامی میں صدر پرائیویٹ تعلیمی ادارہ جات آزاد جموں و کشمیر مرزا وجاہت بیگ مغل، مسٹ یونیورسٹی کے شعبہ بیالوجی سے ڈاکٹر طارق، ڈاکٹر طلحہ مظہر، او پی ایف کالج کی پرنسپل میڈم بشریٰ ارشد، فاران کالج سے میڈم ایمن اور جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے کنٹری کوآرڈینیٹر پاکستان و صدر وائرل پیپل سوشل میڈیا میرپور راجہ ساجد محمود شامل تھے۔ تقریب میں نقابت کے فرائض ادارے کے نامور اساتذہ بشارت سعید اور مس عائشہ اقبال نے انتہائی احسن انداز میں سرانجام دئیے۔تقریب کا باقاعدہ آغاز جماعت نہم کے طالب علم عبداللہ فاروق کی پُرسوز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کا ترجمہ طالبہ نور فاطمہ نے پیش کیا۔ بعد ازاں طالبہ حلیمہ ظہیر نے نعت پیش کی جبکہ جماعت نہم کے طالب علم آدم نے میاں محمد بخشؒ کا عارفانہ کلام ''سیف الملوک'' مخصوص انداز میں پیش کر کے محفل پر سماں باندھ دیا۔ طالبہ دعا اور ان کے گروپ نے مہمانوں کے لیے خوبصورت استقبالیہ گیت پیش کیا۔ اس موقع پر طلبہ نے پاکستان کے چاروں صوبوں اور آزاد جموں و کشمیر کے روایتی لباس زیب تن کر کے ملک کی رنگارنگ ثقافت کو اجاگر کیا جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔
پرنسپل لیفٹیننٹ کرنل (ر) اختر حسین مجوکہ نے اپنے استقبالیہ خطاب میں تمام مہمانوں اور والدین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج کی تقریب طالب علموں کی سال بھر کی محنت کا نچوڑ اور اساتذہ کی لگن کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ طالب علموں کی تعلیمی ترقی کے ساتھ ساتھ ان کی اخلاقی اور ہم نصابی سرگرمیوں پر بھی خصوصی توجہ دے رہا ہے تاکہ وہ عملی زندگی میں ملک و ملت کا نام روشن کر سکیں۔تقریب کے دوران ''معرکہء حق'' اور پاک فوج کی قربانیوں کو زبردست انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ جماعت ہشتم کی طالبہ ماہ نور جمیل نے انگریزی میں اور جماعت نہم کی طالبہ عائشہ خالد نے حصولِ تعلیم کی اہمیت پر انتہائی مدلل اور جوشیلی تقاریر پیش کیں۔ مڈل سیکشن کے طلبہ نے معرکہء حق اور پاک فوج کے غازیوں و شہداء سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک خصوصی ''کمانڈو ایکشن ٹیبلو'' پیش کیا، جس نے ہال میں موجود حاضرین کے لہو کو گرما دیا اور پنڈال تالیوں سے گونج اٹھا۔پروگرام کے اہم مرحلے میں ڈاکٹر مہوش خالد نے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کیا۔ نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علموں کو میڈلز، اسناد اور قیمتی انعامات سے نوازا گیا۔ رواں ماہ کے اوائل میں معرکہء حق کی مناسبت سے منعقدہ دیگر تعلیمی مقابلوں میں پوزیشن لینے والے دیگر اسکولوں کے طلبہ میں بھی اسناد تقسیم کی گئیں۔ جماعت دہم کی ہونہار طالبہ حبیبہ احمد کو تعلیمی و تربیتی میدان میں بہترین کارکردگی پر ''سال کا بہترین طالب علم کا اعزاز دیا گیا۔مہمانِ خصوصی لیفٹیننٹ کرنل عدیل ملک نے طلبہ کی شاندار کارکردگی اور ٹیلنٹ کو سراہتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت اے آئی کی تعلیم ناگزیر ہو چکی ہے۔ معرکہء حق کا حوالہ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ''ہم نے یہ جنگ اپنے جذبے اور جدید ٹیکنالوجی کے بل بوتے پر جیتی، کیونکہ جدید ٹیکنالوجی کے بغیر اپنے سے بڑے دشمن کو زیر کرنا ناممکن ہے۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ بچوں کو آئی ٹی کی تعلیم فراہم کریں اور فوجی فاؤنڈیشن کالج کے طالب علموں کو دعوت دی کہ وہ گرمیوں کی چھٹیوں میں SCO STP کے تحت جاری آئی ٹی کورسز سے فائدہ اٹھائیں
صدر پرائیویٹ سکول ایسو سی ایشن مرزا وجاہت بیگ مغل نے اپنے خطاب میں کہا کہ بچوں کا یہ جوش و جذبہ دیکھ کر یقین ہو گیا ہے کہ ہمارا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگیں ہتھیاروں سے لڑی ضرور جاتی ہیں لیکن جیتی صرف ایمان، جذبے اور دعاؤں سے جاتی ہیں۔ قوم کا ہر فرد ملت کے مقدر کا ستارہ ہے اور اگر ہم متحد ہو کر کام کریں تو دشمن کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوں گے۔تقریب کے اختتام پر پرنسپل لیفٹیننٹ کرنل (ر) اختر حسین مجوکہ نے مہمانِ خصوصی لیفٹیننٹ کرنل عدیل ملک، مرزا وجاہت بیگ مغل اور صدر وائرل پیپل سوشل میڈیا میرپور و کنٹری کوآرڈینیٹر پاکستان برائے جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل راجہ ساجد محمود کو ادارے کی طرف سے یادگاری شیلڈز پیش کیں۔ اس موقع پر راجہ ساجد محمود کی جانب سے فوجی فاؤنڈیشن کالج میرپور کے پرنسپل کو خصوصی شیلڈ سے نوازا گیا۔ پروگرام کا اختتام قومی ترانے سے ہوا۔ تقریب کے اختتام پر انتظامیہ کی جانب سے تمام شرکاء اور معزز مہمانوں کے لئے ریفریشمنٹ کا انتظام کیا گیا تھا۔