کمشنر میرپور ڈویژن راجہ طاہر ممتاز خان کی زیر صدارت ڈویژنل ٹیچنگ ہسپتال اور کشمیر کارڈیک سنٹر میں کشمیری نژادبرطانوی مخیر شخصیت صفدر حسین کے تعاون سے ہسپتال کے لیے جدید ایکویپمنٹ اور HRکی پیشہ وارنہ تربیت سمیت ہسپتال کی بہتری کے لیے سہولیات فراہم کرنے سے ہسپتال میں علاج معالجہ کے حوالے سے لوگوں کو سہولیات ملیں گی اور ہسپتال کی مین پاورمیں اضافہ ہوگا۔
ان خیالات کااظہار انھوں نے ڈویژنل ٹیچنگ ہسپتال میرپورمیں جدیدمشنری اور دیگرسہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں کشمیری نژاد برطانوی شخصیت صفدرحسین نے اس عزم کااظہارکیاکہ وہ ڈویژنل ٹیچنگ ہسپتال اور کشمیرکارڈیک سنٹر میں جدیدترین طبی مشنری،سہولیات اور ہیومن ریسورسز کی تربیت کے حوالے سے بھرپورمعاونت کریں گے تاکہ اس ہسپتال سے کوئی بھی مریض علاج معالجہ اور طبی مشنری کی عدم دستیابی کے باعث اسلام آباد یاپنجاب کے علاقوں میں ریفرنہ ہوسکیں۔اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر راجہ قیصر اونگزیب خان،کشمیر کارڈیک سنٹر کے انچارج امراض قلب ڈاکٹر سعید عالم،ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ماریہ ذوالفقار،ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات محمد جاوید ملک نے شرکت کی۔
اس موقع پر ڈپٹی میڈیکل سپرٹینڈنٹ ڈاکٹر ماریہ ذوالفقار اور انچارج KICڈاکٹر سعید عالم نے کہاکہ ہسپتال میں جدیدعلاج معالجہ کی سہولیات کی فراہمی کے لیے بیشترشعبوں میں مشنری اور پیشہ ورانہ افرادی قوت کی ضرورت ہے مخیرشخصیت صفدرحسین نے پہلے بھی ہسپتال کے لیے جدید وینٹی لیٹر اور طبی آلات فراہم کیے ہیں جبکہ ہسپتال کی دیگرضروریات پوری کرنے کے حوالے سے صفدرحسین گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔
اس موقع پرکمشنرراجہ طاہرممتاز خان نے کہاکہ ڈویژنل ٹیچنگ ہسپتال کو علاج معالجہ کے حوالے سے سٹیٹ آف آرٹ ہسپتال بنانے کے لیے حکومت ہرممکن اقدامات اٹھارہی ہے جبکہ کشمیرکارڈیک سنٹرکی عمارت میرپورکی سماجی شخصیت حاجی محمدسلیم نے تعمیرکرکے ہسپتال کے حوالے کی آج اس ہسپتال میں ابتدائی طورپردل کے عارضہ میں مبتلا مریضوں کاعلاج معالجہ ہورہاہے۔ کشمیرکارڈیک سنٹرکو مکمل دل کاہسپتال بنانے کے لیے حکومتی سطح پراقدامات کیے جارہے ہیں جبکہ برطانوی مخیرشخصیت صفدرحسین نے بھی ہسپتال میں جدیدطبی آلات اور ساز وسامان فراہم کرنے سمیت ہسپتال عملہ کی پیشہ ورانہ تربیت کے حصول کے لیے بھرپورمعاونت کی یقین دھانی کروائی ہے۔ہسپتال انتظامیہ جن جن شعبوں میں تربیت کے حوالے سے اپنے ڈاکٹر اور ملازمین کونامزد کرے گی انھیں پاکستان کے بہترین طبی اداروں سے تربیت دلوائی جائے گی۔ اس طرح دل کے عارضہ اور ڈی ایچ کیوکی ایمرجنسی کے حوالے سے طبی آلات بھی فراہم کیے جائیں گے۔
صفدرحسین نے کہاکہ ان کاتعلق سموال شریف سے ہے اور وہ برطانیہ میں آباد ہیں ان کی فیملی کے دیگرافراد شعبہ طب سے وابستہ ہیں اس حوالے سے ان کی کوشش ہے کہ میرپورہسپتال سٹیٹ آف آرٹ بنے اور اس میں ہرقسم کی امراض کاعلاج معالجہ ہوسکے۔اس کے لیے وہ بھرپورتعاون کریں گے۔