ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات میرپورراجہ محمد سہیل خان نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ چارج لینے کی تقریب ڈویژنل ڈائریکٹوریٹ تعلقاتِ عامہ میرپور میں منعقد ہوئی، جہاں عمر ملازمت مکمل ہونے پر ریٹائر ہونے والے سابق ڈپٹی ڈائریکٹر محمد جاوید ملک نے اپنے عہدے کا چارج نو تعینات ڈپٹی ڈائریکٹر راجہ محمد سہیل خان کے حوالے کیا۔تقریب میں انفارمیشن آفیسر خضر حیات، ہیڈ کلرک راجہ کرامت عزیز، راجہ سہیل اسلم، قاسم جاوید، قاری انیس، احمد علی جرال اور دیگر اہلکار بھی موجود تھے۔ بعدازاں ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات راجہ محمد سہیل خان نے دفتر کے سٹاف سے تعارفی اجلاس کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈویژنل ڈائریکٹوریٹ تعلقاتِ عامہ میرپور ایک مثالی ادارہ رہا ہے، جسے جدید میڈیا تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے مزید وسائل فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا نے روایتی میڈیا کو نمایاں طور پر متاثر کیا ہے، اس لیے محکمہ کے سوشل میڈیا ونگ کو مزید مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ راجہ محمد سہیل خان نے کہا کہ ان کی کوشش ہوگی کہ ڈویژنل ڈائریکٹوریٹ میرپور میں جدید سوشل میڈیا پروڈکشن سٹوڈیو قائم کیا جائے تاکہ میرپور ڈویژن کا سرکاری سوشل میڈیا ونگ مؤثر انداز میں چلایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلقاتِ عامہ میرپور ڈویژن کے ملازمین کے مسائل کا حل ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور ملازمین کی ترقیابی سمیت دیگر مسائل کے حل کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت آزادکشمیر کے اقدامات اور عوامی فلاحی سرگرمیوں کو میڈیا کے تمام پلیٹ فارمز کے ذریعے عوام تک پہنچانا محکمہ کی بنیادی ذمہ داری ہے، جس کے لیے ہمہ وقت متحرک رہنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آزادکشمیر، وزیر اطلاعات، سیکرٹری اطلاعات اور ناظم تعلقاتِ عامہ کی ہدایات کی روشنی میں حکومتی سرگرمیوں کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کامیابی ٹیم ورک سے مشروط ہے اور کوئی بھی افسر مضبوط ٹیم کے بغیر کامیاب نہیں ہو سکتا۔ انہیں خوشی ہے کہ انہیں ایک بہترین اور پیشہ ور ٹیم میسر آئی ہے، جس کی صلاحیتوں کو مؤثر انداز میں بروئے کار لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کے ساتھ مثالی روابط قائم کیے جائیں گے کیونکہ میڈیا اور محکمہ اطلاعات ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں، اور ریاست کی بہتری کے لیے مل کر کام کرنا وقت کی ضرورت ہے