میرپور (پی آئی ڈی//ڈیلی کشمیر آن لائن )30نومبر2024
سابق وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید کی سربراہی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے 57 ویں یوم تاسیس کے موقع پر پارٹی کارکنان کا جیالے کلچر میں نیا جوش و ولولہ، پیپلز پارٹی کے نوجوان راہنما چوہدری معیز مجید چوہدری کو میرپور شہر سے پیپلز پارٹی کے پلیٹ فارم سے الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان،پارٹی قیادت اور کارکنان نے بھرپور طاقت کا مظاہرہ کیا۔ یوم تاسیس کے موقع پر جیئے بھٹو،جیئے بینظیربھٹو،جیئے آصف علی زرداری،جیئے بلاول بھٹو زرداری،جیئے محترمہ فریال تالپور،جیئے چوہدری عبدالمجید،جیئے معیز مجید کے نعروں سے ہال گونجتا رہا، پارٹی کارکنان نے بھرپور نظریاتی وابستگی کا عملی مظاہرہ کیا،پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین شہید ذوالفقار علی بھٹو،محترمہ بے نظیر بھٹو شہید، آصف علی زرداری،بلاول بھٹو زرداری کے حقیقی پارٹی ویژن کو اجاگر کرنے اورپیپلز پارٹی کے کارکنان میں نظریاتی جوش ولولہ پیدا کیا۔ کارکنان نے اپنے اپنے خطابات میں سابق وزیراعظم چوہدری عبدالمجید اور ان کے خاندان کی پیپلز پارٹی سے نظریاتی وابستگی عقیدت اور محبت کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور پارٹی کے لئے دی جانے والی لازوال قربانیوں کو زبردست الفاظ میں سراہتے ہوئے یقین دہانی کروائی کہ وہ معیز مجید چوہدری کے ساتھ بھی بھرپور نظریاتی رشتہ نبھائیں گے۔یوم تاسیس کی تقریب کی صدارت سابق وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کی جبکہ مہمان خصوصی پیپلز پارٹی کے نوجوان راہنما اور پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری معیز مجید تھے۔تقریب سے پیپلز پارٹی کے راہنماؤں آصف میر،راجہ افتخار احمد خان،چوہدری بشارت حسین ایڈووکیٹ،ذکاء اللہ جوشی،مرزا زبیر جرال، راجہ ظہور،حبیب کوثر،مرزا محمد ریاض،امین صدیقی،ملک تنویر سبحانی،اسلم گجر،عادل شاہ،شاہد راٹھور،ارسلان گجر،عمران گجر سمیت پیپلزپارٹی،پی ایس ایف،پی وائی او،پیپلز لائرز فورم کے راہنماؤں نے خطاب کیے۔
سابق وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ پیپلزپارٹی غریبوں اور وطن عزیز کی محافظ جماعت ہے۔شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے اس وطن کے لوگوں کے لیے جان کی قربانی دی ہے اور صدر پاکستان آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی پیپلزپارٹی کے نظریہ اور عقیدہ پر کاربند ہیں۔انھوں نے کہاکہ معیز مجید چوہدری حلقہ ایل اے تھری میرپور سے پیپلزپارٹی کا امیدوار ہوگا اور اس کا فیصلہ پیپلزپارٹی کی قیادت نے کرنا ہے۔انھوں نے کہاکہ معیز مجید چوہدری نے جب فیصلہ کیا کہ اس نے سیاست کرنی ہے تو میں نے واضح کردیا کہ سیاست پھولوں کی سیج نہیں ہے یہ مشکل اور کٹھن کام ہے جس کے لیے دن رات ایک کرنا پڑتا ہے اس نے بھی وعدہ کیا ہے کہ وہ عوامی خدمت اور نظریہ کو شہید بھٹو کے نظریہ پر کاربند رہ کر پورا کرے گا۔
پیپلزپارٹی کے نوجوان راہنما معیز مجید چوہدری نے پرجوش خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نظریہ بھٹو ان کے خون میں شامل ہے۔نظریہ بھٹو پر قائم رہتے ہوئے عوامی خدمت کاسفر اس وقت تک جاری رکھوں گا جب تک میری سانس میں سانس ہے میرے سامنے برادری،علاقائی تعصب کوئی حیثیت نہیں رکھتے میں پارٹی کا پرچم لے کر نکلا ہوں اور اسی پر کاربند رہوں گا۔انھوں نے کہاکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پیپلزپارٹی کی صورت میں ایک نظریہ اور ویژن دیا آج اس کو 57سال ہوگئے ہیں جو قوم اور معاشرے اور ملک اپنے نظریات کو بھول جاتے ہیں تاریخ انھیں کبھی یاد نہیں رکھتی۔پیپلزپارٹی کی تاریخ پاکستان کے عوام اور وطن عزیز کی ترقی اور سالمیت سے وابستہ ہے جس کے لیے پارٹی قیادت بھرپور کام کررہی ہے۔انھوں نے کہاکہ میں نے جب سیاست میں آنے کا تہیہ کیا تو خانہ کعبہ میں دعا کی کہ یا اللہ مجھے عوامی خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمااور نظریہ بھٹو کے ساتھ اپنے والد کی طرح ہمیشہ کاربند رہنے کی توفیق عطا فرما۔انھوں نے کہاکہ میں بلاتخصیص تمام لوگوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتا ہوں۔میرپور شہر کے گلی محلوں کے مسائل حل کروں گا اور کسی بھی مرحلہ پر اپنے ذاتی مفاد کی خاطر کوئی کمپرومائز نہیں کروں گا۔انھوں نے کہاکہ نوجوان میرا قیمتی اثاثہ ہیں وہ آگے بڑھیں اور میرے ہاتھ بڑھائیں تاکہ اس حلقہ میں پیپلزپارٹی کو حقیقی معنوں میں فروغ دیا جاسکے۔اس موقع پر سابق وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید اور نوجوان راہنما چوہدری معیز مجید اور دیگر کارکنان نے پیپلزپارٹی کے 57ویں سالگرہ کا کیک کاٹا۔
