متحدہ عرب امارات(رپورٹ نمائندہ ڈیلی کشمیر آن لائن)
صدر پیپلز یوتھ آرگنائزیشن
متحدہ عرب امارت محمد فاروق بانیاں اور سردار عابد بشارت سیکرٹری جنرل پیپلر یوتھ آرگنائزیشن نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ خون رنگ لائے گا، یہ تاریخ کا سبق ہے۔
مگر جب قیادت خود راستے سے ہٹ جائے، نظریے کو قربان کر دے، اور عوام کو تنہا چھوڑ دے تو انقلاب کے خواب دھندلا جاتے ہیں۔ پاکستان تحریکِ انصاف کی قیادت نے نہ صرف بے عملی کا مظاہرہ کیا بلکہ بغیر کسی منصوبہ بندی کے عوام کو مایوس کیا۔ ایک طرف، پرامن احتجاج پر تشدد کی مذمت ضرور کرنی چاہیے، مگر زیادہ افسوسناک وہ قیادت ہے جو آزمائش کے وقت عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کے بجائے منظر سے غائب ہو جائے۔
اس کے برعکس، پاکستان پیپلز پارٹی کی تاریخ گواہ ہے کہ جب کارکنان قربانی دے رہے تھے، قیادت بھی اپنے خون سے اس جدوجہد کو زندہ رکھے ہوئے تھی۔ ذوالفقار علی بھٹو سے لے کر محترمہ بینظیر بھٹو اور اب بلاول بھٹو زرداری تک، پیپلز پارٹی نے ہر آزمائش میں عوام کا ساتھ دیا ہے۔ یہ وہ جماعت ہے جس نے آمریت کے خلاف مزاحمت کرتے ہوئے نہ صرف اپنے رہنماؤں کی جانوں کا نذرانہ دیا بلکہ عوام کے لیے جمہوریت، روزگار، اور مساوات کی جدوجہد کو جاری رکھا۔
پیپلز پارٹی نے آمریت کے سائے میں بھی عوام کے حقوق کی جنگ لڑی اور جمہوریت کے چراغ کو بجھنے نہیں دیا۔ تین نسلوں تک قربانیوں کی یہ مثال آج بھی عوام کے لیے روشنی کا مینار ہے۔ عوام کو اب یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ انقلابی نعروں کی حقیقت کو پہچانیں اور ان رہنماؤں کا ساتھ دیں جنہوں نے عمل اور قربانی کی تاریخ رقم کی ہے۔ وقت آ گیا ہے کہ جذبات سے کھیلنے والے نعروں کو مسترد کیا جائے اور ان کا انتخاب کیا جائے جنہوں نے ہر دور میں عوام کی جدوجہد کا ساتھ دیا۔
